ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: کانگریس ایم ایل اے کی آر ایس ایس لیڈروں کے ساتھ موجودگی ۔آپریشن کنول کا اشارہ تو نہیں!

منگلورو: کانگریس ایم ایل اے کی آر ایس ایس لیڈروں کے ساتھ موجودگی ۔آپریشن کنول کا اشارہ تو نہیں!

Tue, 11 Dec 2018 19:13:41    S.O. News Service

منگلورو 11؍دسمبر (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کے مختلف علاقوں میں بی جے پی کی طرف سے آپریشن کنول کا راستہ اپنانے اور کانگریس و جنتادل ایس کی مخلوط حکومت کو گرانے کی سازشیں رچنے کی خبریں وقتاً فوقتاً سر اٹھاتی رہتی ہیں۔ اب تازہ ہوا منگلورو کے قریب کلاڈکا سے چلی ہے جہاں پر آر ایس ایس لیڈر کلاڈکا پربھاکر بھٹ کے اسکول سے متعلقہ ایک پروگرام میں اسٹیج پر بلاری سے کانگریس کے ایم ایل اے آنند سنگھ کو براجمان دیکھا گیا ہے۔

پربھاکر بھٹ کے ذریعے چلائے جارہے سری رام ودیا کیندرا کے اسپورٹس ڈے کے جلسے میں جہاں آر ایس ایس اور بی جے پی کے اہم لیڈران موجود تھے وہیں پر آنند سنگھ بھی مہمان کے طور پر اسٹیج پر موجود تھے۔حالانکہ دعوت نامے میں آنند سنگھ کا نام درج نہیں تھا۔ اس کے باوجود آنند سنگھ کی شرکت کی وجہ سے سیاسی حلقے میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں اور اسے دوبارہ آپریشن کنول شروع ہونے کے اشارے کے طور پر دیکھاجارہا ہے۔کیونکہ الیکشن کے بعد جب مخلوط سرکار کی تشکیل ہورہی تھی تب آنند سنگھ کی بی جے پی میں شامل ہونے کی تیاری سامنے آئی تھی، یہاں تک کہ اسمبلی میں جب کمار سوامی اکثریت ثابت کرنے والے تھے تب بھی آخری لمحے تک آنندسنگھ غائب رہنے کا شبہ ظاہر کیا جارہاتھا اور پھر بڑی تاخیر سے وہ اسمبلی میں حاضر ہوئے تھے۔


Share: