منگلورو، 15/جنوری (ایس او نیوز) بنگلورو اور منگلورو ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلی جنس کے افسران نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منگلورو کے پرانے ایئر پورٹ سے ایئر کارگو کے ذریعے مشین کے پرزوں میں اسمگل کیاگیا 5کلو گرام سونا ضبط کرلیا ہے جس کی مالیت کا اندازہ 2کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
تحقیقات سے یہ پتہ چلا ہے کہ مشین کے بھاری پرزے امپورٹ کرنے کے بہانے اس کے اندر سونا چھپا کر اسمگل کرنے والا ایک گروہ پوری طرح سرگرم تھا۔مشین کے پرزوں میں سونا اتنی صفائی سے چھپایا جاتا تھا کہ بہت ہی غور سے دیکھنے پر صر ف پرزوں کے ساتھ کی گئی چھیڑ چھاڑ کی معمولی علامت نظر آ رہی تھی۔
ڈی آئی آر(منگلورو) کے ڈائریکٹر شریاس کے ایم نے بتایا کہ اڈپی کی مسرس سواروپ مینرل پرائیویٹ لمیٹیڈکمپنی نے یہ دندانے دار مشینی پہیے (sprockets)بیرونی ملک سے درآمد کررہی تھی اور اس کا مقصد کان کنی کی مشین کی زنجیر میں استعمال کرنا بتایا گیا تھا۔لیکن ڈی آئی آر افسران کو اس تعلق سے مصدقہ اطلاع ملی تو انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کارگو سے لائے گئے مال کی تلاشی لی۔مشینی پرزوں کی اسکیاننگ کرنے کے بع ایک مقامی میکانک کی مدد سے پرزوں کے اندر ایلمیونیم کی پرت چڑھائے گئے پلیٹس باہر نکالے۔ مقامی جیویلرکے تعاون سے سونے کی جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ یہ 24کیرٹ سونے کے پلیٹس ہیں، جن کے ایلمیونیم کی پرت کے وزن کو منہا کرنے کے بعد سونے کا مجموعی وزن 4,995 گرام ہے۔
ڈی آئی آر افسران نے سونا ضبط کرنے کے علاوہ کمپنی کے فعال ڈائریکٹر منوہر کمار پجاری کو بنگلورو میں گرفتار کرلیااس کے علاوہ کمپنی کے معاملات کو دیکھنے والے لوہت شریان نامی ایک اور شخص کوبھی گرفتار کیا گیا ہے۔اس ریکیٹ میں ملوث دیگر افراد کے تعلق سے تحقیقات کی جارہی ہے۔