منگلورو10/اپریل (ایس او نیوز) جنوبی کینرامحکمہ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ منگلورو شہر کے پولیس کمشنریٹ علاقے میں جمعرات کے دن لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 210 افراد پر معاملات درج کرنے کے ساتھ ان کی موٹر گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایاکہ لاک ڈاؤن کے ساتھ ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے، جس کے دوران ان گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ضرری اشیاء کو گھر کے دروازے تک پہنچانے کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے تمام انتظام کیے جانے کے باوجود پمپ ویل جیسے علاقے میں لوگوں کو غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آتے اور گاڑیاں دوڑاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس وجہ سے پولیس کمشنر ڈاکٹر ہرشا کی ہدایات کے مطابق ایسی گاڑیوں کو ضبط کرکے ان پر کیس داخل کیاگیا ہے۔ گاڑیاں چیک کرنے اور انہیں ضبط کرنے کی مہم ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے ڈی سی پی لکشمی گنیش اور اے سی پی منجوناتھ شیٹی کی قیادت میں انجام دی گئی۔