منگلورو،26 /اپریل (ایس او نیوز) پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ کی تفتیش کے دوران بدسلوکی اور مارپیٹ کرنے کے الزام میں پولیس کمشنر این ششی کمار نے بجپے پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پی جی سندیش کے علاوہ تین اہلکار پروین، سنیل اور سید امتیاز کو معطل کردیا ہے۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے لئے تھانے میں بلائے گئے افراد کو پیٹنے اور بدسلوکی کے معاملہ میں اے سی پی مہیش کمار کے ذریعہ ابتدائی تحقیقات کرنے کے بعد ہمیں پولیس اہلکاروں کی کوتاہیوں کا اشارہ ملا ہے اس لئے ضابطہ کی کارروائی کے طور پر ان 4 پولیس والوں کو معطل کیا گیا ہے ۔ مبینہ مارپیٹ کا معاملہ تین دن پہلے پیش آیا تھا ۔ان پر جن تین افراد کو پیٹنے کا الزام ہے ان میں سے دو لوگ وینلاک ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں جبکہ تیسرا شخص سنجیوینی ہاسپٹل کٹیل میں داخل ہے ۔ ان کے جسم پر زخموں کے نشان پائے گئے ہیں ۔ اس سلسلے میں ڈی سی پی لا اینڈ آرڈر ہری رام شنکر کے ذریعے تفصیلی تحقیقاتی طور جلد ہی داخل کیے جانے کی توقع ہے۔