ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منکی میں 28ہزار کی آبادی کے لئے صرف ایک ڈاکٹر : پی ایچ سی کو ترقی دے کر سی ایچ سی میں منتقل کرنے کا مطالبہ

منکی میں 28ہزار کی آبادی کے لئے صرف ایک ڈاکٹر : پی ایچ سی کو ترقی دے کر سی ایچ سی میں منتقل کرنے کا مطالبہ

Sun, 03 Sep 2017 20:16:50    S.O. News Service

بھٹکل03/ستمبر (ایس اؤنیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کا قصبہ منکی 28ہزار کی آبادی اور 4گرام پنچایتوں پر مشتمل ہے، جس کے  حدود میں صرف ایک پرائمری اسپتال ہے اورحیرت کی بات یہ ہے کہ  اس میں صرف ایک ہی ڈاکٹر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔  اسپتال میں دیگر عملے کی بھی قلت ہے ، جس سے علاقے کے عوام کو کافی پریشانی اور تکالیف کا سامنا  کرنا پڑرہاہے ، حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اننت واڑی گرام پنچایت کے نائب صدر وامن ایس نائک نے ریاستی وزیر برائے صحت عامہ کو میمورنڈم سونپتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منکی اسپتال کو ترقی دے کر اسے  مکمل اسپتال کا درجہ دیا  جائے ۔

منکی، گولدکیری ، منکی ہلے مٹھ، منکی اننت واڑی، منکی چتار یہ منکی شہر سے منسلک 4دیہات ہیں، ان تمام کے لئے منکی کا پرائمری اسپتال ہی ایک مرکز ہے، کچھ دیہات پہاڑی علاقوں میں ہیں، جن کو 25کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرکے اس اسپتال میں پہنچنا  ہوتاہے۔

اسپتال میں موجود ایک ڈاکٹر کو صرف مریضوں کا علاج کرنے کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ اسے  ڈاکٹروں کی  میٹنگ میں بھی حصہ لینا ہوتا ہے، اسکول ، آنگن واڑیوں کے دورے بھی کرنے ہوتے ہیں، دیگر سرکاری پروگرام میں بھی شرکت کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ  اسی  ڈاکٹر کو ہفتہ میں ایک دن یہاں سے قریب 50کلومیٹر دور گیرسوپا پی ایچ سی میں اپنی خدمات بھی انجام دینی ہوتی ہے، ان موقعوں پر اسپتال  میں کوئی نہیں رہتا، اور مریضوں کا  کوئی پرسان ِ حال نہیں ۔

اسپتال کے قریب سے گزرنے والی قومی شاہراہ 66 پر پیش آنے والے  حادثات کے دوران ڈاکٹر کی غیر موجودگی زخمیوں کے لئے جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔ کہنے کو اسپتال ہے لیکن لیب ٹکنیشن ، فارماسسٹ اور اے این ایم کی قلت ہے، یہاں جو بھی عملہ ہے وہ سب رلور کے طورپر کام انجام دے رہاہے۔ ان سب حالات کو سامنے رکھتے ہوئے مانگ کی گئی ہے کہ  ریاستی حکومت اور ہیلتھ منسٹر، اس پرائمری ہیلتھ سنٹر (پی ایچ سی )اسپتال کو ترقی دے کرکمیونٹی ہیلتھ سنٹر ( سی ایچ سی )میں منتقل کرے اور علاقہ کے عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔


Share: