منڈگوڈ :28؍مئی (ایس اؤ نیوز)غیر قانونی طورپر گھر میں ذخیرہ کردہ دیسی پستول اور دھماکہ خیز اشیاء سمیت پولس نے ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر اپنی ہی بیوی کو جان سے مارنے کے لئے سپاری دینے کا الزام ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حال ہی میں پڑوسی ضلع ہاویری کے شیگاؤں تعلقہ کے ہُلگور دیہات کے ایک گھر کے سامنے بیٹھی خاتون پر شوٹ آؤٹ معاملےمیں ملوث ہونے کا پتہ چلا تھا۔ معاملے کو لےکر ہاویری کے ایس پی کی قیادت والی دوپولس ٹیمیں منگوڈ پہنچی تھی لیکن انہیں ملزم کو لے کر کسی طرح کا کوئی سراغ نہیں مل پایا تھا۔ اطلاع کے مطابق ہاویری کے ایس پی نے اترکنڑا ایس پی کو جانکاری دی کہ منڈگوڈ تعلقہ میں غیر قانونی دیسی پستول ہے۔ اسی پستول کا پتہ لگانے کےلئے ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر نے خود اپنی قیادت میں پولس ٹیم کی تشکیل دے کر کارروائی میں جٹ گئی۔
پتہ چلا ہے کہ جمعہ کو منڈگوڈ پہنچی پولس ٹیم نے اندور دیہات کے داول سید علی کے گھرمیں غیر قانونی طورپر استعمال کی جانے والی دیسی پستول سمیت ملزم سید علی کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔
ملزم شوٹ آؤٹ میں ملوث:اترکنڑا ایس پی کی ٹیم نے ملزم سید علی کو گرفتار کرنے کے بعد پوچھ تاچھ کی تو شیگاؤں تعلقہ ہلگور میں ہوئے شوٹ آؤٹ معاملے میں شامل ہونےکی بات قبول کی۔ پولس جانچ میں ملزم نے بتایا کہ وہ اور مولا علی بینڈیگیری نے سلمہ بانو کو قتل کرنےکی 5مرتبہ کوشش کی تھی اور 6ویں مرتبہ گولی چلائی تھی۔
ہلگور میں شوٹ آؤٹ:ہاویری ضلع شیگاؤں تعلقہ کے ہلگور دیہات میں24مئی کو سلمہ بانو کو قتل کرنے کی غرض سے دونقاب پوش ملزموں نے دیسی پستول سے گولی چلائی تھی۔ تعجب کی بات یہ رہی کہ گولی سلمہ بانو کو چھوئےبغیر دیوار پر جا لگی اور سلمہ بچ گئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ سلمہ بانو چوڑیاں بیچ کر گزارہ کرتی تھی تو شوہر عبدالقادر انڈا رئیس بیچا کرتاتھا۔ دو تین مہینےپہلے میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہونےکی وجہ سے بیوی سلمہ نے شوہر عبدالقادر کے خلاف ہبلی پولس تھانےمیں شکایت درج کی تھی ۔ مگر وہاں دونوں کے درمیان صلح کراتے ہوئے بھیجاگیا تھا۔
دولاکھ کی سپاری :بیوی کی طرف سے پولس تھانےمیں شکایت درج کرائے جانےکی وجہ سے ناراض شوہر عبدالقادر نے فیصلہ کرلیا کہ بیوی کو ختم کردیں۔ شوہر عبدالقادر نے منڈگوڈ تعلقہ اندور دیہات کے اپنے رشتہ دار داول سید علی اور مولاعلی بیندیگیری کو اپنی بیوی سلمہ بانوکےقتل کے لئے دولاکھ روپئے سپاری دینے کی بات کہی جارہی ہے۔ اور شوہر نے اپنے رشتہ داروں سے کہاکہ وہ دوسری شادی کرلےگا۔
اطلاع پاتے ہی شیگاؤں پولس جائے وقوع پر پہنچ کرسلمہ بانو سے جانکاری حاصل کرنےکے بعد شوہر عبدالقادر کو ہبلی کے ارلی کٹے دیہات سے گرفتارکرکے پوچھ تاچھ کی تو اندور دیہات کے دولوگوں کو قتل کی سپاری دینے کی بات قبول کی۔