ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی میں محرم کے جلوس کے راستوں پر کرفیو

ممبئی میں محرم کے جلوس کے راستوں پر کرفیو

Mon, 31 Aug 2020 10:41:11    S.O. News Service

ممبئی،31؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) ادارہ تحفظ حسینیت کے توسط سے کل جنوبی ممبئی کے بھنڈی بازار کےامام باڑہ سے محرم کا جلوس ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق سخت حفاظتی بندوبست میں نکالا گیا۔جلوس نکالنے سے قبل جلوس کے راستوں پر کرفیو لگا دیا گیا تھا تاکہ کوئی بھی شخص راستے پر نہ آ سکے۔واضح رہے کہ ادارہ تحفظ حسینیت نے محرم کا جلوس نکالنے او رشب عاشور منانے کے لئے اجازت طلب کی تھی ہائی کورٹ نے کافی بحث ومباحثہ اور جانچ کے بعد بھنڈی بازار کے زینبیہ امام باڑہ سے مجگائوں رحمت آباد قبرستان تک جانے کی مشروط اجازت دی تھی۔جس میں زینبیہ امام باڑہ سے مجگائوں تک تعزیہ اور علم ایک ٹرک میں صرف پانچ ذمہ داروں کے ساتھ نکالا جائے گا۔

مجگائوں رحمت آباد قبرستان سے 100 میٹر پہلے ہی ٹرک کو روک دیا گیا تعزیہ اور علم کے ساتھ باقر ناصر( فوٹو گرافر و ویڈیو گرافر)احتشام سید(اندھیری مرول)جلال شاہ ایرانی (خوجہ جماعت ۔بائیکلہ )ذوالفقار سید ( گوونڈی) اور عرفان علی سید ( نوگانواں سادات) شریک تھے جنہیں عدالت نے اجازت دی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ بھنڈی بازار زینبیہ امام باڑہ میں مولانا جعفر عباس نے مجلس پڑھی اس کے بعد جلوس کا آغاز ہوا۔اور جب جلوس مجگائوں رحمت آباد قبرستان پہنچا تو زبردست پولس بندوبست میں ان سبھی کو تعزیہ اور علم کے ساتھ قبرستان میں داخل ہونے دیا جہاں مولانا جعفر عباس نے آخری مجلس پڑھی۔

بائیکلہ پولس اسٹیشن کے سینئیر پولس انسپکٹر دینیش کدم کی سربراہی میں پولس کا زبردست انتظام تھا شام ساڑھے چار بجے سے ہی پورے علاقے میں کر فیو لگا دیا گیا تھا۔سینئر کے علاوہ اڈیشنل پولس کمشنر اور ڈی سی پی و اے سی پی بھی موجود تھے۔


Share: