ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مقتول ہرشا کے گھر پہنچے یڈی یورپا اور ایشورپا؛ 25لاکھ روپئے کی پیش کی گئی امداد

مقتول ہرشا کے گھر پہنچے یڈی یورپا اور ایشورپا؛ 25لاکھ روپئے کی پیش کی گئی امداد

Tue, 08 Mar 2022 11:15:43    S.O. News Service

شیموگہ،8؍ مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی)  ریاستی وزیر دیہی ترقیات و پنچایت راج کے ایس ایشورپا نے سابق  وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے ہمراہ مقتول ہندوکارکن اور بجرنگ دل کے سرگرم رکن ہرشا کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور انہیں 25 لاکھ روپئے معاوضہ کا چیک پیش کیا۔

ہرشا کو 20فروری کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا تھا۔ ریاست کی بی جے پی حکومت نے3مارچ کو اس کے خاندان کو25لاکھ روپئے دینے کااعلان کیا تھا۔ اس موقع پر ایشورپا نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے 25 لاکھ کے معاوضے کے ساتھ ساتھ آن لائن مہم کے ذریعہ بھی ہرشا کی ماں کے کھاتے میں 60 لاکھ روپئے سے زائد کی رقم جمع کرائی گئی ہے۔ 

یاد رہے کہ بجرنگ دل سے تعلق رکھنے والے 28سالہ ہرشا کو چاقو سے متعدد وار کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ جس کے بعد 20 فروری کی رات شموگہ ضلعی انتظامیہ کو امتناعی احکامات نافذ کرنے پڑے تھے۔ مگر اگلے ہی دن امتناعی احکامات کے باوجود ریاستی وزیر ایشورپا کی موجودگی میں امتناعی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ہرشا کی ارتھی کا جلوس نکالا گیا تھا جسکے دوران آتشزدگی اور سنگباری کے واقعات پیش آئے تھے اور شموگہ میں تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ ان واقعات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل دے دی تھی۔ 28 فروری کو اسکولوں اور کالجوں کو دوبارہ کھول دیا گیا تاہم امتناعی احکامات جاری رکھے گئے تھے۔ 

 وزیر اعلیٰ  بسواراج بومئی قبل ازیں کہہ چکے ہیں کہ تحقیقاتی ایجنسی قتل کے پس پردہ غیبی ہاتھوں کا پتا چلائیں گی حالانکہ پولیس نے اس کیس میں تاحال 10افراد کو گرفتار کر چکی ہے تعجب کی بات یہ دیکھی گئی کہ اس اثناء میں کانگریس لیڈر سلیم احمد نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ بی جے پی کے کئی قائدین بھی یہی مطالبہ کرچکے ہیں۔


Share: