نئی دہلی،23دسمبر(آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال میں 2021 کے اسمبلی انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں کرانے کی مرکز، ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کیا گئی ہے۔
درخواست میں مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس کے مبینہ سیاسی کارکنان کی مبینہ ہلاکتوں کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن سے جانچ کرانے سمیت متعدد راحت فراہم کرنے کی عدالت سے اپیل کی گئی ہے۔ اس پٹیشن میں وزارت داخلہ، حکومت مغربی بنگال، الیکشن کمیشن، ریاستی الیکشن کمیشن، سی بی آئی اور اسٹیٹ ڈائریکٹر جنرل پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں شہریوں کے بنیادی حقوق اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ریاستی حکومت اور اس کی پولیس کو ان واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔ بنیادی حقوق اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے باوجود ریاستی حکومت ان کی روک تھام کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھا رہی ہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا اس کا فرض ہے۔
درخواست میں ریاست میں بی جے پی صدر جے پی نڈا کے قافلے پر حالیہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو بی جے پی کے قومی صدر کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں غفلت برتنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دینے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ یہ عرضی ایڈووکیٹ پونیت کمار ڈھنڈا نے دائر کی ہے۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں شہریوں کے رہنے اور ذاتی آزادی کے بنیادی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے۔