کولکاتہ ،13؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ایک طویل قانونی جنگ کے بعد مغربی بنگال میں لمبے انتظار کے بعد پنچایت انتخابات کل سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان ختم ہوں گے۔ آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے ریاست میں پیر کو ہونے والا پنچایت انتخابات آخری بڑا انتخاب ہے۔پولنگ صبح سات بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے ختم ہو جائے گی۔ووٹوں کی گنتی 17مئی کو کی جائے گی۔ ایک مرحلے میں ہونے والے پنچایت انتخابات کے لیے زبردست انتخابی تشہیر شروع ہوئی تھی۔انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران ہوئے تشدد کو لے کر ریاست میں حکمران ترنمول کانگریس، بی جے پی، کانگریس اور بایاں محاذ کے لیڈروں نے ایک دوسرے پر الزام تراشی کی۔ اپوزیشن نے الزام لگایا تھا کہ حکمران ترنمول کانگریس نے نامزدگی کے عمل کے دوران تشدد کیا۔ترنمول نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے اور وہ انتخابات سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔تمام پارٹیوں کے سب لیڈروں نے اس الیکشن میں تشہیر کی۔ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے تشہیر نہیں کی۔انہوں نے لوگوں سے اپنی حکومت کے ترقیاتی کاموں کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ مغربی بنگال ریاست الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق کل 621ضلع کونسلوں، 6,157 پنچایت کمیٹیوں اور 31,827 گرام پنچایتوں میں انتخابات ہوں گے۔ انتخابات کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظام کئے گئے ہیں اور آسام، اڑیسہ، سکم اور آندھرا پردیش سے تقریبا 1,500 سکیورٹی کو تعینات کیا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز نے سیکورٹی انتظامات کے تحت ریاست کے مختلف حصوں میں آج مارچ نکالا۔اس بار پنچایت انتخابات میں ریاست الیکشن کمیشن، ریاستی حکومت، حکمران ٹی ایم سی اور اپوزیشن بی جے پی، کانگریس اور بایاں محاذ کے درمیان ایک بے مثال قانونی جنگ دیکھنے کو ملی۔