ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلم نوجوان نے جان پر کھیل کر مشتعل بھیڑ سے بچائی پانچ ہندووں کی جان

مسلم نوجوان نے جان پر کھیل کر مشتعل بھیڑ سے بچائی پانچ ہندووں کی جان

Wed, 04 Jul 2018 00:38:29    S.O. News Service

ممبئی،03؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر میں بچہ چوری ہونے کی افواہ کے درمیان منماڈ میں ایک مسلم نوجوان نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے پانچ ہندوؤں کی جان بچائی۔ ان میں ایک عورت اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ معاملہ منماڈ کے آزاد نگر علاقے کا ہے۔ یہاں ایک عورت اور ایک بچہ سمیت پانچ لوگوں کو بچہ چور گینگ سمجھ کر ہزاروں لوگوں کی بھیڑ نے گھیر لیا اور ان کی پٹائی شروع کر دی۔

مشتعل ہجوم ان سب کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالتی، اس کے پہلے وہاں رہنے والا وسیم نام کا نوجوان سامنے آیا۔ وسیم نے مشتعل بھیڑ کو سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ سبھی بچہ چور گروہ کے ارکان نہیں ہیں۔ اس کے بعد بھی لوگوں کا غصہ کم نہیں ہوا تو وسیم نے اپنی زندگی خطرے میں ڈالتے ہوئے سب کو مشتعل ہجوم کے چنگل سے بچایا اور اپنے گھر میں پناہ دی۔

وسیم کے ایسا کرنے کے بعد بھیڑ اور مشتعل ہو گئی اور اس کے گھر پر حملہ کر دیا۔ اس دوران اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھ کر لوگوں کا غصہ کم ہونے کی بجائے اور بڑھ گیا اور وہ پانچ لوگوں کو ان کے حوالے کرنے کی مانگ کرنے لگے۔ اس دوران کچھ لوگوں نے پولیس کی ٹیم پر بھی حملہ کر دیا اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کر دی۔

ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرس پوددار نے بتایا کہ پولیس کو مشتعل بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وسیم کی وجہ سے ہی پانچ افراد کی زندگی بچ گئی۔


Share: