کاروار28؍جون (ایس او نیوز)مرکزی سرکار کی طرف سے جاری اسکیموں پر عمل در آمد کا جائزہ لینے کے لئے بلائی میٹنگ میں مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے علاقائی افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں افسران کی رپورٹ پڑھ کر چلے جانے کے لئے نہیں آیا ہوں بلکہ مجھے پورے ثبوت کے ساتھ یہ معلوم ہونی چاہیے کہ مرکزی سرکاری اسکیموں کا فائدہ پوری طرح عوام کو پہنچا ہے یا پھر یہ سب کاغذات میں ہی درج کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پوری سنجیدگی کے ساتھ تحقیقات کروائی جائے گی۔
اننت کمار ہیگڈے نے ضلع پنچایت میٹنگ ہال میں مختلف محکمہ جات کے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔محکمہ جاتی افسران سے جانکاری لینے کے بعدانہوں نے افسران پر اپنی برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ میٹنگ میں پیش کی گئی رپورٹ اور اس میٹنگ میں پیش کی جارہی رپورٹ میں تال میل نہیں ہے۔افسران کو چاہیے کہ وہ صرف برائے نام رپورٹ پیش نہ کریں بلکہ حقیقی مستحقین تک تمام اسکیموں کا فائدہ عملی طورپر پہنچائیں۔اور کونسا منصوبہ کس مرحلے میں ہے اس کی حقیقی رپورٹ پیش کریں۔افسران کی طرف سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ریاستی سرکارکے تعلق سے کہا کہ وہ اس وقت آئی سی یو میں رکھی ہوئی ہے۔
اس میٹنگ میں ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر،ارکان اسمبلی روپالی نائک، سنیل نائک، دینکر شیٹی،اور دِشا کمیٹی کے اراکین اسٹیج پر موجود تھے۔
2افسران کو میٹنگ سے باہر بھیج دیا: ایم پی علاقے کی ترقی کے سلسلے میں ملنے والے فنڈ کے استعمال کی رپورٹ صحیح طور پر نہ دینے والے کتّور اور خانہ پور پنچایت راج انجینئرنگ شعبے کے دو اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئرس کو اننت کمار ہیگڈے نے ڈانٹ ڈپٹ کے بعد میٹنگ سے باہر نکل جانے کا حکم دیا۔ اس زمرے میں موصولہ فنڈ کے تحت 37میں سے 34منصوبوں پر کام زیر تکمیل ہونے کی بات مذکورہ انجینئرس ڈی ایس پاٹل اور آر وی چیٹواڈگی نے بتائی تھی۔ اس پر ناراض ہوتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ چار پانچ میٹنگوں میں آپ لوگوں کی طرف سے بس یہی جواب مل رہا ہے۔ کام کچھ آگے نہ برھنے کا مطلب کیا ہوتا ہے؟پھر اننت کمار نے کام کی مکمل رپورٹ کے بغیر میٹنگ میں حاضر نہ ہونے کی وارننگ دیتے ہوئے ان دونوں کا میٹنگ سے چلے جانے کو کہا اور مذکورہ انجینئرس نے اس حکم پر عمل کرتے ہوئے باہر کی راہ لی۔
مسخرے کے بارے میں کیا بولوں!: میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران جب سابق وزیراعلیٰ سدارامیا کے حوالے سے سوال کیا گیاکہ کیا ریاستی حکومت گرنے والی ہے؟ اور ایڈی یورپا وزیراعلیٰ بننے والے ہیں ؟ تو اننت کمار نے کہا کہ ’’ہیرو اور ہیروئن کے بارے میں پوچھیں گے تو کچھ بولا جاسکتا ہے ۔ لیکن بھانڈ(مسخرے)کے بارے میں پوچھیں گے تو میں کیا بول سکتا ہوں؟‘‘پھر انہوں نے کہا کہ ’’ایک ساتھ جنم لینے والے ہی ایک ساتھ جی نہیں سکتے ۔ اس میں بھی جھگڑنے کے لئے ہی جنم لینے والی جنتادل (ایس) اور کانگریس پارٹی کیا ایک ساتھ زندہ رہنا ممکن ہے؟بے شک یہ مشترکہ سرکار زیادہ دن چلنے والی نہیں ہے۔ عوام کی خواہش کے مطابق ایڈی یورپّا کا دوبارہ وزیراعلیٰ بننا یقینی ہے۔‘‘