ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکز اور کسان ملاقات دوپہر2بجے، کیرلا حکومت-31دسمبر کو خصوصی اجلاس میں قوانین کے خلاف تجویز پیش کرے گی

مرکز اور کسان ملاقات دوپہر2بجے، کیرلا حکومت-31دسمبر کو خصوصی اجلاس میں قوانین کے خلاف تجویز پیش کرے گی

Tue, 29 Dec 2020 11:20:04    S.O. News Service

نئی دہلی،29؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کا آج33واں دن ہے-کسان اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں،اس درمیان مودی حکومت نے مظاہرہ کررہے کسانوں کی تنظیموں کو30دسمبردوپہر2بجے مذاکرہ کیلئے مدعوکیاہے-

سکریٹری زراعت سنجے اگروال نے40تنظیموں کو بھیجے گئے خط میں کہاہے کہ حکومت صاف نیت اور کھلے ذہن کے ساتھ متعلقہ امور کو عقلی طریقے سے حل کرنے کیلئے پرعزم ہے-حکومت تینوں زرعی اصلاحاتی قوانین اور فصلوں کی خریداری کو کم ازکم سہاراقیمت پر تبادلہ خیال کیلئے تیارہے-

میڈیا ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق یہ میٹنگ دہلی میں واقع وگیان بھون میں ہوگی-اس سے قبل، کسانوں نے ہفتہ کے روز حکومت کو خط لکھا تھا اور انہیں منگل کو صبح11 بجے ملاقات کرنے کا وقت دیا تھا- اس نے 4شرائط بھی رکھی تھیں -

دوسری طرف کسان تحریک کو تقویت پہنچانے اور مودی کے زرعی قوانین کو کسان مخالف قراردینے کیلئے کیرلاحکومت31 دسمبر کو اسمبلی میں نئے زرعی قانون کے خلاف ایک آرڈیننس بھی پیش کرے گی-

گورنر عارف محمد خان نے اس کیلئے ایک دن بھر کے خصوصی اجلاس کی منظوری دے دی ہے- اس دوران ان قوانین پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ان کے خلاف قرار داد پاس کی جائے گی-وہیں پنجاب میں، لوگوں نے کسانوں کی حمایت میں کئی مقامات پر مظاہرہ کیا- اس دوران تقریباً 1500ٹیلی کام ٹاورز کو نقصان پہنچایاگیا- اس کی وجہ سے، متعدد جگہوں پر موبائل سروس متاثر ہوئی ہے- موگا میں پولیس ایسے ہی ایک معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے-


Share: