ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مرڈیشورمیں سمندرکنارے والے باکڑا والوں کو متبادل انتظامات؛ کیا فیصلہ دکانداروں کو راحت دے گا ؟

مرڈیشورمیں سمندرکنارے والے باکڑا والوں کو متبادل انتظامات؛ کیا فیصلہ دکانداروں کو راحت دے گا ؟

Tue, 02 May 2017 18:02:27    S.O. News Service

بھٹکل:2/مئی (ایس اؤنیوز)تعلقہ کے مشہور سیاحتی مرکز مرڈیشورکے ساحلِ سمندر پر اپنی باکڑا دکانوں کو کھو نے کے بعد بے سہارا ہونے والےدکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے سلسلے میں منگل کو رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے اعلیٰ افسران کے ساتھ مسئلے کے حل کو لے کر 3گھنٹے سے زائد وقت تک گفتگو کی۔ جس کے بعدضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ملی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آج آفسران نے ساحل سمندرپر نوین بیچ ریسارٹ روڈ کے کنارے بیوپاریوں کو دکانوں کے لئے جگہ فراہم کرنے کے لئے نشان دہی کاکام شروع کیا۔

خیال رہے کہ مرڈیشور کے ماہی گیر، سمندر کنارے باکڑا دکانوں کی شروع سے ہی مخالفت کررہے ہیں اور دوسری طرف باکڑا کو ہٹانے کے بعد باکڑاوالوں کو متبادل جگہ فراہم نہ کرنے پر باکڑا والے بھی بھڑکے ہوئے تھے، حالات کی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے آج رکن اسمبلی منکال وئیدیا خود موقع پر پہنچے اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر منجوناتھ، تحصیلدار وی این باڈکر، تعلقہ پنچایت افسر سی ٹی نائک، سرکل پولس انسپکٹر سریش نایک وغیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے اگلے اقدامات کے متعلق غور وفکر کیا۔

اس موقع پر سیکڑوں دکاندار جمع ہوکر رکن اسمبلی وئیدیا پر دباؤ ڈالا کہ وہ کوئی قطعی فیصلہ لیں۔ حالات کو دیکھتے ہوئے منکال وئیدیا نے وہیں سے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ موبائیل پر بات کرتے ہوئے مرڈیشور کے موجودہ حالات، ماہی گیروں اور دکانداروں کے بیچ چل رہی چپقلش وغیرہ کی تفصیلی جانکاری دی ۔بات چیت کے بعد میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ساحل سمندر کے بلیو پرنٹ میں جتنی زمینات خالی ہیں ان جگہوں کی نشاندہی کی جائے اورمستقل عمارت تعمیر ہونے تک سمندر کے قریب شیڈ کی تعمیر کرکے دکانداروں کو مہیا کیا جائے البتہ اس دوران اس بات کا خاص خیا ل رکھا جائے کہ ماہی گیروں کو اس سے کسی طرح کی کوئی تکلیف یاپریشانی نہ ہونے پائے۔ ساتھ ہی پولس محکمہ کو ہدایات دی گئیں کہ مرڈیشور ایک سیاحتی مرکز ہے یہاں حالات کسی بھی حالت میں خراب نہیں ہونے چاہئے،  اس کی کڑی نگرانی کی جائے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی منکال وئیدیا نےساحل پر تجارتی کامپلکس کی تعمیر کے لئے محکمہ سیاحت کی طرف سے امداد منظورکرانے کا یقین دلایا۔ ضلع پنچایت ممبر البرٹ ڈیکوستھا، بھٹکل بلاک کانگریس صدر وٹھل نائک، منکی بلاک کانگریس صدر چندرشیکھر گوڈا بھی موجود تھے۔

مرڈیشور کے ساحل پر واقع باکڑا دکانوں کو نکال باہر کرکے ڈھائی سال ہورہے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی متبادل انتظامات نہ ہونے کو لے کر دکاندار عوامی نمائندوں اور افسران کو اپیل دے دے کر تھک چکے تھے۔ نئی تجارتی کامپلکس کی تعمیر کرکے دکانداروں کو فراہم کئے جانے کا معاملہ بھی غفلت کا شکار ہوگیا تھا، حالیہ دنوں میں اسی معاملے کو لے کر سیاستی گھماسان بھی چڑھا ہواتھا، ایسے میں یہ دیکھنا اب دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ   آج کا لیا گیا فیصلہ  دکانداروں کو راحت دے گا یا پھر ماہی گیروں اور باکڑا دکانداروں کے درمیان مزید ان بن کا سبب بنے گا۔

2may2.JPG


Share: