بھوپال،02؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں میڈیکل پولیس بھرتی کے میڈیکل ٹسٹ میں امیدواروں کے سینے پر ایس سی ایس ٹی لکھنے کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ اب مدھیہ پردیش کے ہی بھنڈ ضلع میں نئی بھرتیوں کے ساتھ میڈیکل جانچ میں لاپرواہی کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔
دراصل بھنڈ ضلع اسپتال میں ایک ہی کمرے میں لڑکے اور لڑکیوں کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا ہے۔ چیک کے دوران لڑکیوں کے سامنے لڑکوں کو نیم برہنہ کروایا گیا۔ اتنا ہی نہیں لڑکیوں کے میڈیکل ٹسٹ کے دوران وہاں کوئی بھی خاتون ڈاکٹر اور نرس موجود نہیں تھیں۔
بھنڈ پولس لائن میں 217 نئے خاتون اور مرد وں کی پولیس میں بھرتی ہوئی ہے، جن میں سے الگ الگ مرحلوں میں ضلع اسپتال میں میڈیکل ٹسٹ کروایا جارہا ہے۔ منگل صبح ضلع اسپتال میں 39 لڑکے لڑکیوں کے میڈیکل ٹسٹ کرائے گئے، جن میں سے تقریباً 18 لڑکیاں اور 21 لڑکے شامل تھے۔
ان سبھی کو ایک ہی کمرے میں بلایا گیا اور نیم برہنہ حالت میں لڑکوں کے سامنے لڑکیوں کا میڈیکل ٹسٹ کیا گیا۔ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ میڈیکل ٹسٹ کے دوران وارڈ میں ایک بھی خاتون ڈاکٹر یا نرس موجود نہیں تھیں۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد جب ضلع اسپتال سے منسلک افسران سے پوچھا گیا تو وہ سوالوں کا جواب دینے سے بچتے نظر آئے۔ وہیں اس معاملے میں سول سرجن نے جانچ کے احکامات دے دیئے ہیں۔ سول سرجن ڈاکٹر اجیت مشرا نے متعلقہ قصور وار لوگوں کو وارننگ لیٹر جاری کیا ہے۔