ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا سب کے معاشی مفاد میں ہے: بائیڈن

ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا سب کے معاشی مفاد میں ہے: بائیڈن

Sat, 24 Apr 2021 16:33:46    S.O. News Service

نیویارک، 24 اپریل(  ایس او نیوز؍ایجنسی)  وائٹ ہاوس میں موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام پر غور کے لیے دو روز سے جاری وورچوئل کانفرنس جمعے کو ختم ہو گئی۔ صدر بائیڈن نے کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لئے جو کچھ کرنا ہے، مل کر کرنا ہوگا۔

کانفرنس میں دنیا کے چالیس ملکوں کے رہنما اور بڑی کمپنیوں اور اداروں کے سربراہ شریک تھے۔

صدر بائیڈن نے کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام میں ہم تب تک کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک دنیا میں سب مل کر یہ کام نہ کریں۔

کانفرنس کے دوسرے اور اختتامی دن عالمی رہنماؤں نے زور دیا کہ خوش حال اور صاف توانائی والی معیشتیں پیدا کرنے کے لئے امریکہ اور دنیا بھر کے ملکوں کو بہت زیادہ سرمایہ خرچ کرنے کی ضرورت ہوگی۔

بائیڈن نے کہا کہ جو وعدے ہم نے یہاں کئے ہیں، انہیں حقیقت بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ "کیا آپ کسی اور ایسے کام کے بارے میں سوچ سکتے ہیں جس سے اکیسویں صدی میں روزگار کے اتنے زیادہ مواقع پیدا ہوسکتے ہوں"۔

کرونا وائرس کی وجہ سے بائیڈن انتظامیہ کی یہ اہم ترین کانفرنس ورچوئل انداز میں منعقد کی گئی، جس کے لئے وائٹ ہاوس کے مشرقی حصے میں ٹی وی ٹاک شو نوعیت کا سیٹ لگایا گیا تھا۔

امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صاف توانائی، ریسرچ اور انفرا سٹرکچر کے منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کرنے سے امریکی معیشت مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے قابل ہو جائے گی۔ صدر بائیڈن کا نیا مجوزہ انفرا سٹرکچر منصوبہ ان کے دور رس ویژن کے لئے انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔

ری پبلکن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لئے کاربن کے اخراج میں پچاس فیصد کمی کا وعدہ امریکہ میں تیل، قدرتی گیس اور کوئلے کی صنعت میں کام کرنے والے مزدوروں کے حق میں بہتر ثابت نہیں ہوگا۔

امریکی سینیٹ کے اقلیتی ریپبلکن رہنما مچ میکونل نے جمعرات کو سینیٹ کے ایوان میں کہا تھا کہ بائیڈن کے نئے انفرا سٹرکچر منصوبے سے امریکہ میں زیادہ تنخواہ والی ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔

موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لئے درکار خطیر رقم کا تخمینہ صدر بائیڈن کے انفرا سٹرکچر سے متعلق نئے منصوبے میں ہی شامل ہے، جس سے امریکہ میں نئی سڑکیں، محفوظ پل اور ٹرانسپورٹ کا نیا نظام قائم کیا جائے گا، جب کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیاں، پینے کا صاف پانی اور سولر، اور ہوا کی توانائی میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

جمعے کو موسمیاتی تبدیلیوں پر ہونے والی کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس اور مائیک بلوم برگ جیسے کھرب پتی کاروباری افراد اور شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مائیک بلوم برگ نے، جو کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنے کے بہت حامی ہیں، کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلیوں کو نئی سرمایہ کاری کے بغیر شکست نہیں دے سکتے۔


Share: