بھوپال،27/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)گؤرکشا کے نام پر ہو رہے تشدد اور بھیڑ قتل پر لگام لگانے نے لئے مدھیہ پردیش حکومت سخت قانون بنائے گی۔گؤرکشا کے نام پر تشدد اور بھیڑ قتل کرنے والے گؤرکشکو ں کو جیل کی سزا کا قانون بنائے گی۔اس کے لئے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کی قیادت میں ہوئی کابینہ میٹنگ میں مدھیہ پردیش گؤ کشی ایکٹ -2004 میں ترمیم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور مدھیہ پردیش کی کانگریس زیر قیادت حکومت آٹھ جولائی سے ہونے والے آئندہ اسمبلی سیشن میں اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے پیش کرے گی۔مدھیہ پردیش کے وزیر لاکھن سنگھ یادو نے اس کی تصدیق کی ہے۔معلومات کے مطابق اس ترمیم کے اسمبلی میں منظور ہوکر قانون بننے کے بعد اگر کوئی شخص اکیلا گؤرکشا کے نام پر تشدد کرے گا تو اسے چھ ماہ سے لے کر تین سال کی سزا اور25,000روپے سے 50,000روپے تک کا جرمانہ دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ وہیں گائے کے نام پر بھیڑ کی طرف سے تشدد یا قتل کیاجاتا ہے تو ان کی سزا کو بڑھا کرکم از کم ایک سال اور زیادہ سے زیادہ پانچ سال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر مجرم دوبارہ جرم کرتا ہے تو اس کی سزا دگنی کر دی جائے گی۔افسر نے بتایا کہ ترمیم میں ان لوگوں کو ایک سے تین سال کی سزا دینے کا انتظام کیا جائے گا جو تشدد کے لئے لوگوں کو اکسانے کا کام کریں گے۔املاک کو نقصان پہنچانے والے گؤرکشکوں کو بھی اس کے تحت سزا دی جائے گی۔