نئی دہلی، 7؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) جموں کشمیر کو اس کے خصوصی درجہ سے محروم کرنے اور اس کے دو ٹکڑے کرنے کے مودی سرکار کے فیصلے پر منگل کو لو سبھا میں بھی مہر لگادی ۔ اس کے ساتھ ہی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا کہ حکومت جموں کشمیر کے ان علاقوں کو بھی حاصل کرنے کیلئے کوشش کرتی رہے گی جو پاکستان اور چین کے قبضے میں ہیں۔ اس بیچ اپوزیشن نے حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے شکایت کی کہ اس نے جن کے بارے میں قانون بنا یا ہے ان سے صلاح و مشورہ تک نہیں کیا جارہا ہے۔ دفعہ 370؍ اور دفعہ 35 اے کو ختم کرنے والی قرار داد اور جموں کشمیر تشکیل نو بل 2019 پر ووٹنگ میں 424 ؍ اراکین پارلیمان نے حصہ لیا جن میں سے قرار داد کے حق میں 351 ؍ ووٹ پڑے جبکہ قرار داد کے خلاف محض 72؍ ووٹ ہی پڑ سکے۔ اس کے بعد جموں کشمیر تشکیل نوبل 2019 پر ووٹنگ ہوئی جس میں 433؍اراکین نے حصہ لیا۔ 366؍ ووٹ بل کے حق میں پڑے جبکہ محض 66؍ووٹ بل کے خلاف ڈالے گئے ۔ اس طرح مرکزی وزیر برائے امور داخلہ امیت شاہ کی جانب سے لوک سبھا میں پیش کی گئی قرار داد اور بل دونوں اکثریت سے پاس ہوگئے ۔ اس قرار داد بل کے پاس ہونے کے ساتھ ہی اب صدر جمہوریہ کے دستخط کے بعد جموں و کشمیر دو حصوں میں تقسیم ہوجا ئے گا۔ کشمیر اور لداخ مرکز کے زیر انتظام علاقے ہوں گے ۔ کشمیر میں قانون ساز اسمبلی ہوگی جبکہ لداخ میں اسمبلی نہیں ہوگی۔ یادرہے کہ پیر کو مذکورہ بل اور قرار داد راجیہ سبھا میں پیش کر کے پہلے ہی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔
ووٹنگ سے قبل ہونے والی بحث پر جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں سب سے پہلے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر کے عوام کو 370؍سے کیا فائدہ ہوا؟ انہوں نے کہا کہ اس سے صرف پاکستان کو فائدہ پہنچا کہ وہ دہشت گردوں کو اکساتا رہا ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 ؍ کی وجہ سے ہی اب تک 40 ؍ہزار سے زائد لوگ جنگجوئیت میں مارے گئے۔ کانگریس کے ذریعہ اسے تاریخی غلطی قرار دیئے جانے پر امیت شاہ نےاسے تاریخی غلطی کی اصلاح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا پورا یقین ہے کہ 370؍ کے جانے کے بعد ہم وادی کے لوگوں کو قریب لاسکیں گے اور وہاں کی غربت دور ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا زمینوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ شروع ہوگا اور اب جموں کشمیر میں انڈسٹری اور صنعتیں لگ سکیں گی جن سے روز گار ملے گا اور جب روز گار ملے گا تو غربت دور ہوگی۔
جموں کشمیر کیلئے تاریخی لمحہ : مودی
وزیر اعظم نریند ر مودی نے جموں کشمیر کے خصوصی درجہ سے متعلق آرٹیکل 370؍ کے بے اثر کرنے اور ریاست کو مرکز کے زیر انتظام 2؍علاقوں میں تقسیم کرنے والے بل پارلیمنٹ میں پاس ہونے کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں کے لوگوں کیلئے اب نئی صبح ہوگی۔ مودی نے منگل کو جموں کشمیر کے تشکیل نو بل پر پارلیمنٹ کی مہر لگنے کے بعد ٹویٹ کیا کہ ’’ میں جموں کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کی ہمت اور جذبے کو سلام کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’(جموں کشمیر کیلئے ) ایک نئی صبح بہتر کل کے لئے ہے۔‘‘ بل پاس ہونے کو انہوں نے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی یکجہتی کیلئے سب متحد ہیں۔