نئی دہلی، 23 جون (آئی این ایس انڈیا) آیوشمان بھارت ہیلتھ انشورنس یوجنا کے تحت ہفتہ وار اوسط دعووں میں کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاؤن کے دوران 51 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
یہ انکشاف ماہرین کے ایک گروپ کے ذریعہ کئے گئے تجزیہ سے ہوا ہے۔ نیشنل ہیلتھ اتھارٹی (این ایچ اے) کی اشاعت ’پی ایم۔ جے اے وائی انڈر لاک ڈاؤن: ایویڈنس آن یوٹیلائزیشن ٹرینڈ پی ایم۔جے اے وائی‘نے بیان کیا ہے کہ نجی اسپتالوں کے مقابلے میں 25 مارچ سے 2 جون تک لاک ڈاؤن کے دوران سرکاری اسپتالوں میں خدمات کے استعمال کے علاوہ گراوٹ دیکھی گئی۔
این ایچ اے ہیلتھ انشورنس اسکیم۔ آیوشمان بھارت۔پردھان منتری جن آرگویا یوجنا (اے بی پی ایم۔جے اے وائی) کے نفاذ کے لئے ذمہ دار ایک اعلی اکائی ہے۔ جن آپریشنوں کے لئے پہل سے وقت طے کیا جاتا ہے،ان میں 90 فیصد سے زیادہ کی کمی دیکھی گئی، جیسے موتیابند کا آپریشن اور گھٹنے بدلوانے وغیرہ کے آپریشن۔وہیں ہیموڈالیسیس میں صرف چھ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کارڈیک سرجری میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران کل ملاکرسرجیکل طریقہ کار کے لئے ہر ہفتے اوسط دعوے کم ہوکر 27167 پر رہ گئے جو لاک ڈاؤن شروع ہونے سے پہلے 62630 تھے۔ اس طرح اس میں 57 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ طبی معاملات (46 فیصد) کے مقابلے میں سرجیکل طریقہ کار کے استعمال میں زیادہ (57 فیصد) کمی دیکھی گئی۔