کاروار:17/ڈسمبر (ایس او نیوز) قومی و ریاستی شاہراہ پر واقع شراب کی دوکانوں کو بند کرنے کا عدالتِ عظمیٰ کی طرف سے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو حکم دئیے جانے کے نتیجے میں اترکنڑا ضلع کی قومی شاہراہ کنارے کی 104شراب کی دکانیں بند ہوجائیں گی ۔اتنا ہی نہیں قومی شاہراہ کے اطراف 500میٹر تک بھی کوئی شراب کی دکان ہے تو اس کو بھی بند کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔ البتہ خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ اس کا خاطر خواہ فائدہ قومی شاہراہ کنارے کے ڈھابا والے اٹھائیں گے۔
سپریم کورٹ کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ فی الحال قومی شاہراہ کنارے جو شراب کی دکانیں ہیں ان کے لائسنس کی مدت تک وہ جاری رہیں گی اس کے بعد ان کے لائسنس کی تجدید کاری نہیں کی جائے گی۔ جب یہ شراب کی دکانیں بند ہوجائیں گی تو عوام کا کہنا ہے کہ ان کی جگہ ڈھابا والے لے سکتے ہیں۔ قومی شاہراہ کنارے کی شراب دکانوں کو بند کرنے کے لئے سال 2017کے یکم اپریل تک کی مہلت دی گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکورکی قیادت والی بنچ نے یہ حکم جاری کیاہے۔
اترکنڑا ضلع میں ریاستی ایکسائز قانون1992کے تحت قومی شاہراہ کنارے کے 200میٹر کی حدود میں کل 104شراب کی دکانوں کو منظوری دی گئی ہے۔ سال 2016لائسنس تجدیدکاری کے اعداد وشمارات کے مطابق کاروار کے 16شرا ب دکانوں میں سے 2، انکولہ کے 14میں سے 3، کمٹہ کے 27میں سے 7، ہوناور کے 15میں سے 9،بھٹکل میں 12میں سے 5، سرسی 21میں سے 15، سداپور 7 میں سے 5، یلاپور 9میں 8،منڈگوڈ 6میں 4، ہلیال 24میں 14، جوئیڈا 3میں 2سمیت پورے ضلع میں منظورشدہ ایسے ہی 30دکانوں کے ساتھ قومی شاہراہ کے 220میٹر حدود میں ہیں۔ ان تمام کو سپریم کورٹ نے قفل لگانے کو کہاہے۔ ریاست میں کل 10085شراب کی دکانیں ہیں، سپریم کورٹ کے آرڈر سے 1500شراب کی دکانیں بند ہوجائیں گی۔
قومی شاہراہ پر شراب کی دکانیں ہونے کی وجہ سے سواریوں کے ڈرائیور اکثر شراب پی کر حادثے کا شکار ہونے کے خدشات ہونے کی وجہ سے سپریم کورٹ نے یہ آرڈر جاری کیا ہے۔ ریاست میں قومی شاہراہ پر ہونے والے حادثات پر ایک نظر دوڑائیں تو گذشتہ 4سالوں میں اس میں کافی اضافہ ہواہے۔ محکمہ پولس کی طرف سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق سال 2013سے 2016جون تک کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں۔
سال سنگین حادثات حادثات اموات زخمی
2013 2855 9043 3353 17933
2014 3715 8430 4256 20291
2015 9888 34123 10865 56962
2016 5297 17706 5858 28861
قومی شاہراہ کنارے کی شراب دکانیں جب بند ہوجائیں گی تو کہا جارہاہے کہ شاہراہ کنارے کے ڈھابا والے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کیونکہ فی الحال ڈھابا میں سبزخور اور گوشت کھانے کے انتظامات ہوتے ہیں ساتھ میں غیر قانونی طورپر شراب فروخت کرنے کی باتیں کہی جارہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لاری ڈرائیور ڈھابا پر کھانا پسند کرتے ہیں۔ شراب دکانیں بند ہونے پر یہ لوگ کھانے کے ساتھ ساتھ شراب کے لئے ڈھابوں کا رخ کرسکتے ہیں۔