ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فی الحال ایڈی یورپا کو ہٹانے کی کوئی تجویز نہیں، شیموگہ میں بی جے پی کے دوروزہ میٹنگ کے بعد کرناٹک کے انچارج ارون سنگھ کا اعلان

فی الحال ایڈی یورپا کو ہٹانے کی کوئی تجویز نہیں، شیموگہ میں بی جے پی کے دوروزہ میٹنگ کے بعد کرناٹک کے انچارج ارون سنگھ کا اعلان

Mon, 04 Jan 2021 11:40:32    S.O. News Service

شیموگہ،4؍جنوری(ایس او  نیوز) کرناٹک میں بی جے پی حکومت میں قیادت میں تبدیلی کی تمام قیاس آرائیوں کو اتوار کے روز کرناٹک میں بی جے پی امورکے انچارج ارون سنگھ نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایڈی یورپا وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر برقرار رہیں گے اور ان کی قیادت میں تبدیلی کے تعلق سے پارٹی کے کسی بھی نمائندے کی طرف سے بیان بازی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شیموگہ میں ریاستی بی جے پی کی خصوصی میٹنگ کے دوران ارون سنگھ نے دوٹوک کہہ دیا گیا کہ ہفتہ ڈھائی سال کی مدت تک بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے پر ایڈی یورپا ہی رہیں گے اور بی جے پی میں کسی بھی سطح پر ان کو بدلنے کے سلسلہ میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈی یورپا کی قیادت کو چیلنج کرتے ہوئی پارٹی کے کسی بھی نمائندے کی طر ف سے بیان بازی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کی میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ اور حکومت کے خلاف بیان بازی کرنے کے الزام میں بیجاپور کے رکن اسمبلی بسونا گوڑا پاٹل یتنال اور دیگرکے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد یتنال کو ان کے بیانات کی بنیاد پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کی ریاستی یونٹ کو ہدایت دی گئی۔بتایا جاتا ہے کہ خود وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے میٹنگ کے دوران یہ معاملہ اٹھایا اور پارٹی کے بعض لیڈروں کی بیان بازی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کے رہنما ہی اس طرح کی بیان بازی کرنے لگیں تو اس سے اپوزیشن پارٹیوں کو حکومت کے خلاف محاذ بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ 2018کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری لیکن اسے اکثریت نہ مل سکی اس مرحلہ میں دیگرپارٹیوں کے اراکین اسمبلی نے بی جے پی پر اعتماد کر کے پارٹی میں شمولیت اختیارکی اوران کی بدولت حکومت بن سکی۔ ا س لئے ان تمام کو اقتدار میں حصہ داری دینے کے وعدے کو پورا کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بی جے پی 140سیٹوں پر کامیاب ہو سکتی ہے اس مرحلہ میں پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے جو بھی فیصلہ لیا جائے گا اس پرعمل کیا جائے گا۔ ایسے مرحلہ میں اگر لوگو ں نے قیادت میں تبدیلی کے متعلق بیان بازی کی تو اس کو کہاں تک جائز قرار دیا جا سکتا ہے؟۔ ایڈی یورپا نے کہا کہ اس طرح اگر باربار قیادت میں تبدیلی کے مطالبے ہوتے رہے تو ان کے لئے کام کرنا مشکل ہو جائے گا۔اس مرحلہ میں ارون سنگھ نے کہا کہ فی الحال وزیر اعلیٰ کو بدلنے کی کوئی تجویز بی جے پی میں کسی بھی سطح پر نہیں ہے اوراس سلسلہ میں کسی بھی حلقہ سے ہونے والی بیان بازی کو بند کیا جائے اسے آگے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی آنے والے دنوں میں تعلقہ اور ضلع پنچایت انتخابات پر توجہ دے۔ انہوں نے قیادت میں تبدیلی کے متعلق بسونا گوڑا پاٹل یتنال کے بیانات پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی کرنے والے یتنال کون ہو تے ہیں۔اس میٹنگ میں دعویٰ کیا گیا کہ گرام پنچایت انتخابات میں بی جے پی کے حمایت یافتہ 42ہزا رنمائندے کامیاب ہو سکے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ریاست میں پارٹی کافی مضبوط ہے۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزراء، اراکین پارلیمان،اسمبلی اور دیگر بی جے پی قائدین نے شرکت کی۔


Share: