سری نگر6جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال اورصوبائی صدر ناصر اسلم وانی سمیت پارٹی سے وابستہ کئی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں عمر عبداللہ کو پارٹی کا نائب صدر نامزدکیے جانے پرمبارک بادپیش کی اورانہیں نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔پارٹی کے ایک ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہاہے کہ عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران ، کارکنوں اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں مستقبل میں بھی آپ کے ساتھ کام کرتا رہوں گا اور پارٹی کے نصب العین اورمنشور پر عمل پیرا ہوکر منزل مقصود کی طرف آگے بڑھتے رہیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی شورش زدہ ریاست میں امن و امان کی بحالی کے لئے کوششیں کرتے رہیں گے۔عمر عبداللہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ جموں وکشمیرکے عوام کی آواز بنی رہے گی اور عوام اْمنگوں، احساسات اور جذبات کو ہر سطح پر ترجیح دی جائے گی۔ یاد رہے کہ منگلوار کو پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس میں کلیدی عہدیداروں کی نامزدگی کو منظوری دی جس کے مطابق عمر عبداللہ کو نائب صدر نامزد کرنے کے علاوہ7ریاستی سیکریٹریوں اور6مرکزی سیکریٹریوں کے علاوہ خواتین شعبہ کی صدر کی نامزدگی کا بھی اعلان کیا۔پارٹی لیڈران چودھری محمد رمضان،پیرزادہ غلام احمد ، مشتاق بخاری،اجے سدھوترا،رتن لال گپتا،ایس ایس سلاتیہ اور سکینہ یتو کو ریاستی سیکریٹری کے عہدے سوپنے گئے جبکہ میر سیف اللہ،عرفان احمد شاہ،سجاد احمد کچلو،رچپال سنگھ،جاوید رانا اور عبدالغنی ملک کو مرکزی سیکریٹریوں کی ذمہ داری نبھائیں گے۔