ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عدالت کی لتاڑ کے بعد کام کرنے کی عادت چھوڑ دیں، بی بی ایم پی افسروں کو وزیر اعلیٰ کمار سوامی کا مشورہ

عدالت کی لتاڑ کے بعد کام کرنے کی عادت چھوڑ دیں، بی بی ایم پی افسروں کو وزیر اعلیٰ کمار سوامی کا مشورہ

Thu, 27 Sep 2018 11:31:15    S.O. News Service

بنگلورو،27؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر میں سڑکوں کی صفائی بارش کی وجہ سے جابجا گڈھوں کو پر کرنے کی مہم ،فلیکس اور بیانرس ہٹانے کے لئے اقدامات اور دیگر معاملوں میں برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے اعلیٰ افسروں پر عدالت کی طرف سے بار بار کی جارہی سرزنش پر وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگر اپنا کام ٹھیک طرح سے کریں گے تو عدالت کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے افسروں کے رویے پر نارضی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کیا ان لوگوں کو یہ عادت ہوگئی ہے کہ عدالت کی سرزنش کے بعد ہی کام کریں گے۔ بی بی ایم پی ’’روشنی‘‘ پراجکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افسر غالباً اس قدر غیر ذمہ دار ہوگئے ہیں ہر کام کے لئے انہیں اب عدالت سے حکم دینا پڑے گا۔ عدالت سے حکم اور لتاڑ کے بغیر ان لوگوں کو اپنی ذمہ داری کا خیال نہیں آتا۔ انہوں نے کہاکہ نائب وزیراعلیٰ اور وزیر برائے ترقیات بنگلور ڈاکٹر پرمیشور کے ہمراہ انہوں نے بنگلور کی ترقی کے متعلق کئی میٹنگوں کا اہتمام کیا ہے۔ افسروں کو چاہئے کہ ان میٹنگوں میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں ہدایات کو عملی جامہ پہنانے کی دیانتدارانہ کوشش کریں۔ ہر مسئلے پر اگر عدالت کی طرف سے ہی ہدایت دی جانے لگے تو پھر انتظامیہ پر سوالیہ نشان لگ جائیں گے۔

شہر میں پچھلے دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آجانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ بارش کے متعلق پیشین گوئی سے واقفیت کے باوجود بھی بی بی ایم پی افسروں کی طرف سے احتیاطی قدم نہیں اٹھائے گئے تو اس کے لئے کون ذمہ دار ہے؟ اس کا پتہ لگاکر ذمہ داروں کو جوابدہ بنایا جائے۔اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور، میئر سمپت راج، رکن اسمبلی ادے گروڈا چار، رکن کونسل سرونا اور دیگر لیڈر اور کارپوریٹر وغیرہ موجود تھے۔


Share: