کارواریکم مارچ (ایس او نیوز)ایک طرف سردی کا موسم ختم ہونے سے قبل ہی ضلع شمالی کینرا میں شدید گرمی شروع ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے عوام بے حال ہورہے ہیں۔ اسی دروان ہفتے کے دن ضلع کے مختلف مقامات پر بے موسم کی برسات بھی ہوئی ہے جس سے عوام راحت محسوس کرنے کے ساتھ ساتھ حیرانی اور تعجب کا بھی اظہار کررہے ہیں۔
کاروار اور ہوناور کے بعض علاقوں میں آسمان پر بادل چھائے رہے اور وقفے وقفے برسات ہوتی رہی۔کہیں کچھ منٹوں تک بارش ہوئی ہے تو کہیں آدھ گھنٹے سے زیادہ مسلسل پانی برسا ہے۔ اچانک برسات شروع ہونے سے نوکری اور مزدوری کے لئے گھر سے نکلے ہوئے لوگ اور طلبہ کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا ہے۔ برسات ہوتے ہی ان علاقوں میں درجہ حرارت کم ہونے لگا تو عوام نے تھوڑی دیر کے راحت کی سانس لی۔لوگوں کو اس بات پر حیرت ہورہی ہے کہ پچھلی کئی دہائیوں میں سردی کا موسم ختم ہونے اور گرمی شروع ہونے کے موقع پر کبھی اس طرح بارش ہوتی نہیں دیکھی گئی تھی۔
یلاپور، سرسی، سداپور سمیت ضلع کے پہاڑی علاقوں میں اس وقت سخت سردی ہونی چاہیے تھی، لیکن موسم کچھ عجیب طرح سے بدل رہا ہے اور یہاں پر گرمی کی شدت اس حد تک بڑھنے لگی ہے کہ بھری دوپہر میں لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔زیر زمین پانی سطح کم ہوتی جارہی ہے۔ کنویں سوکھنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ اور امکان ہے کہ جلد ہی یہاں پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔