ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع شمالی کینرا میں امسال چھ مہینوں کے دوران درج ہوئے ایچ آئی وی کے 83معاملات۔ سال در سال ہورہی ہے متاثرین کی تعداد میں کمی

ضلع شمالی کینرا میں امسال چھ مہینوں کے دوران درج ہوئے ایچ آئی وی کے 83معاملات۔ سال در سال ہورہی ہے متاثرین کی تعداد میں کمی

Thu, 24 Oct 2019 17:35:57    S.O. News Service

بھٹکل  24/اکتوبر (ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا میں ایچ آئی وی کے معاملات پر قابو پانے کے جو اقدامات محکمہ صحت کی جانب سے کیے جارہے ہیں، اس کا بہتر نتیجہ نکلتا نظر آرہا ہے، کیونکہ اعداد وشمار کے مطابق دیکھا جائے تو سال در سال ایچ آئی وی متاثرین کی تعداد میں کمی آرہی ہے۔اس کے باوجود محکمہ صحت کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ عوام کے اندر اس مرض کے بارے میں بیداری لانے کے لئے مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ اس مرض پر قابو پانے اور متاثرین کی تعداد میں مزید  کمی لانے میں کامیابی مل سکے۔

 امسال 6مہینوں کے دوران ایچ آئی وی متاثرین کے 83معاملے سامنے آئے ہیں۔ان معاملات میں خواتین کی تعداد ہی زیادہ ہے، اور ان میں بھی 7حاملہ خواتین شامل ہیں۔ایچ آئی وی اور ایڈز کنٹرول کرنے والے آفیسر ڈاکٹر مہابلیشور ہیگڈے نے بتایا کہ”دیگر اضلاع کے مقابلے میں ضلع شمالی کینرا میں ایچ آئی وی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بہت کم ہے۔غیر محفوظ طریقے سے جنسی عمل کرنا ہی اس مرض کے پھیلنے کا اصل سبب ہے۔انجانے طور پر ایچ آئی وی سے متاثرہ مریضوں کے ساتھ جنسی فعل انجام دینے سے دوسرے صحت مند فریق کو یہ مرض لاحق ہوجاتا ہے۔اس پر مکمل قابو پانے کے لئے عوام کے اندر پوری طرح بیداری لانا بہت ہی ضروری ہے۔“

 محکمہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق ضلع شمالی کینرا میں سال 2015-16میں ایچ آئی وی سے متاثرہ جملہ مریضوں کی تعداد212تھی جن میں 15حاملہ خواتین تھیں۔ 2016-17میں یہ تعداد 166تھی جن میں 18حاملہ خواتین تھیں۔2017-18میں ایچ آئی وی متاثرین کی تعداد 171ہوئی جن میں 10حاملہ خواتین تھیں۔جبکہ 2018-19میں یہ تعداد 157ہوگئی تھی جس میں 10حاملہ خواتین شامل تھیں۔اب19-20 20کے گزشتہ 6مہینوں میں جو 83معاملات سامنے آئے ہیں ان میں مردوں کی تعداد 37اور خواتین کی تعداد46ہے جن میں 7حاملہ خواتین شامل ہیں۔

 ڈاکٹر مہابلیشور نے مزید بتایا کہ 50ڈگری کالجوں میں قائم کیے گئے ’ریڈ ربن کلب‘ کے توسط سے ہائی اسکولوں اور پی یو کالجوں میں ’انٹی گریٹیڈ کاؤنسیلنگ اینڈ ٹیسٹنگ سینٹر‘(آئی سی ٹی سی) کے کاؤنسیلر ز اس مرض کے تعلق سے نوجوانوں کو پوری جانکاریاں دیتے ہیں۔ایچ آئی وی متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے ضلع اسپتال کاروار کے علاوہ سرسی کے پنڈت جنرل اسپتال میں 13اے آر ٹی سینٹرز کھولے گئے ہیں۔اس کے علاوہ بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، ہلیال، انکولہ، منڈگوڈ، یلاپورجیسے مقامات پر ذیلی مراکزقائم ہیں۔ ڈانڈیلی جنرل اسپتال اور سی ایس سی کنزرویشن میں 10اے آر ٹی ذیلی مراکز قائم کیے جائیں گے۔

 ضلع اسپتال کے علاوہ تمام تعلقہ جات کے اسپتالوں میں جملہ 13کنزرویشن سنٹرز میں ایچ آئی وی کے لئے خون کی جانچ کی سہولت دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرز میں بھی خون کا معائنہ کرنے کی سہولت موجود ہے۔تین غیر سرکاری تنظیمیں بھی ضلع میں ایڈز کی روک تھام کے لئے سرگرم ہیں۔ جسم فروشی کے کاروبار میں ملوث خواتین کو اس مرض سے بچنے کے لئے ضروری اشیاء، ایچ آئی وی متاثرہ مریضوں کو سرکار سے ملنے والی سہولتیں اور علاج فراہم کرنے کا بندوبست کیا جاتا ہے۔ 


Share: