شکاری پور 12 مارچ (ایس او نیوز) 12/مارچ بروز سنیچرکو بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر یوم کسان اور پیام انسانیت کا شاندار جلسہ ضلع شموگہ کے شکاری پورمیں منعقد کیا گیا۔ جس میں مٹھ کے سوامی، گرجا کے فادر، مسلم ادارے کے سربراہ سبھوں کو ایک اسٹیج پر جمع کیا گیا تھا۔ جلسے میں دو ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی جس میں مختلف مذاہب کی خواتین سمیت کاشتکاری سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقے اور مذاہب کے لوگ بھی شامل تھے۔
جلسہ کا افتتاح علاقے کے ایم پی جناب بی،وائی رگھویندرا نے کی۔ جلسے کی غرض و غایت فادر کلفرڈ روشن پنٹو نے پیش کی۔ برہماکماری انوسوئیاجی نے سبھی مذاہب کی نمائندہ شخصیات کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دیش کا اصلی چہرہ یہی ہے۔ جو بھی اسے بگاڑنے کی کوشش کرتا ہے وہ دیش بھکت نہیں ہے۔ جناب کے ایچ لکشمن نے یکجہتی پر نغمہ سنایا۔ ہندوستان کی تاریخ، ثقافت اور سماج کی تعمیر میں عورتوں کے رول پر روشنی ڈالتے ہوئے برہما کماری نے کئی نامور خواتین کی مثالیں پیش کیں اور مدرٹریسا کو آئیڈیل کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ عورتیں چاہیں تو وہ دنیا کے سبھی مشکل سے مشکل کاموں کو آسان بناکر مرد مرکز سماج کو آئینہ دکھاسکتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی خواتین کی آزادی اور عزت و تحفظ کا خیال رکھیں۔
مہمانان میں شامل جناب ایریش نے خواتین سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ ہی کی قربانیوں اور ایثاروں اور آپ ہی کی خدمتوں اور تربیتوں کی وجہ سے یہ دنیا آج بھی انسانوں کے رہنے کے لائق ہے۔ انہوں نے ہر مذہب کے نام پر بٹوارا کرنے کو ملک و قوم اور انسانیت کا بہت بڑا خسارہ قرار دیا اور مل جل کر رہتے ہوئے ملک کو آگے لے کر چلنے کی بات کہی۔
ایک اور مہمان اور حکومت کرناٹک کے محکمہ بہبودی خواتین کے افسر نوید تیاراجو نے کہا کہ ہمارا ادارہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ حکومت عورتوں کو ان کے حقوق سے کبھی محروم نہیں ہونے دے گی۔ آپ بھی اپنی خواتین تنظیموں کو سرگرم رکھیں۔ اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ کنلی مٹھ کے سوامی نے کہاکہ آج میرے سامنے دل کو اندر سے مسرت سے بھر دینے والا منظر ہے۔ ایکتا، اور اتحاد کی یہی فضا دراصل ہمارے ملک اور ہماری تہذیب کی وراثت ہے۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ آپ بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ آپ ہی کی تربیت سے ہندوستان کا مستقبل روشن ہوگا۔ بچوں کو اچھے اخلاق سکھائیں۔ ان کے اندر خدمت خلق کا جذبہ پیدا کریں۔ حب الوطنی کا جذبہ پیدا کریں۔ ملک کی تقدیر بلکہ دنیا کی تقدیر آپ کے ہاتھوں میں ہے۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے مختلف مذاہب کے ذمہ داران کی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حاضری اس بات کی دلیل ہے کہ آپ کے اندر ذمہ داری، اور ملک کی تعمیر اور اپنے حقوق کا مضبوط جذبہ پایا جاتا ہے۔ یہی جذبہ ہمارے سماج اور ملک کی تقدیر کو بدلے گا۔آپ کی آپسی محبت پیام انسانیت کا سب سے بڑا درس ہے۔ ہمارا ملک اتحاد و اتفاق کی طاقت سے آزاد ہوا۔اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھا۔ ہم نے ساری دنیا کوانسانیت کاپیغام دیا۔اسی انسانیت کے پیغام کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ اور ملک کا نام روشن کرنا ہے۔ فادر ڈاکٹر فرانسس سراؤ ایس،جے کے صدارتی خطاب کے بعد سبھی مہمانوں کا اعزاز کیاگیا۔ اور شکریہ کلمات کے ساتھ مجلس اختتام کو پہونچی۔ پروگرام میں ، سسٹر پریم لتا اور جناب کے ایچ لکشمن سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔