ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / شرالی میں ماہی گیر خواتین کا پنچایت دفترکے سامنے احتجاج : مچھلی مارکیٹ کے باہر مچھلی بیوپار پر روک لگانے کا مطالبہ

شرالی میں ماہی گیر خواتین کا پنچایت دفترکے سامنے احتجاج : مچھلی مارکیٹ کے باہر مچھلی بیوپار پر روک لگانے کا مطالبہ

Fri, 17 Jan 2020 21:03:02    S.O. News Service

بھٹکل  :17؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)پچھلے کئی برسوں سے ہم لوگ مچھلی مارکیٹ کی فیس ادا کرتے ہوئے مچھلیوں کو بیچ کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں، اب باہرسے آنے والوں کو مچھلی مارکیٹ کے سامنے والی سڑک کنارے مچھلیاں  بیچنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، جس  سے اکثر لوگ باہر سے ہی مچھلیاں خرید کر چلے جاتے ہیں، ایسے میں   ہمارا کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے،  اس سلسلے کو بند کرنے کا مطالبہ لے کر مقامی ماہی گیر خواتین نے جمعہ کو شرالی گرام پنچایت دفترکے سامنے احتجاج کیا۔

جمعہ کی صبح شرالی اور  الویکوڑی کے اطراف والی دیہات کی ماہی گیر خواتین نے مچھلی مارکیٹ جانے کے بجائے  سیدھے  پنچایت دفتر کے باہر ہی آکر  مچھلیوں کی ٹوکریاں لے کر بیٹھ گئیں اور  اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ مچھلی مارکیٹ میں پہنچنے سے پہلے ہی گاہک سڑک کنارے پر ہی واقع لوگوں سے  مچھلیاں خرید کر چلا جاتاہے تو ہم مارکیٹ کے اندر  بیٹھ کرکیا کریں  ؟ 

ماہی گیر خواتین کا کہنا تھا کہ  اس سلسلے میں پنچایت کو توجہ دلائی جاچکی ہے،  لیکن اُس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی  ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر مارکٹ کے باہر  مچھلیوں کا  بیوپار کرنا بند کیا جائے ۔

 جائے وقوع پر پہنچے گرام پنچایت صدر وینکٹیش نائک نے ماہی گیر خواتین کو مطمئن کرنےکی کوشش کی۔ اس موقع پر انہوں نےکہاکہ مارکیٹ کی سامنے والی سڑک کے کنارے کسی کو بھی مچھلیوں کا  بیوپار کرنےکی اجازت نہیں دی گئی ہے، قرضہ وغیرہ کی سہولت کے لئے مچھلی بیوپار کرنےو الوں کو تصدیق نامہ دیاگیا ہے۔ اس تعلق سے انہوں نے  باہر بیوپار کرنےو الوں کو روک کرمارکیٹ کے اندر ہی فروخت کاری کے لئے کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔ جس کے بعد ماہی گیر خواتین نے اپنا احتجاج ختم کیا۔

احتجاج میں ماہی گیرخواتین گیتا موگیر، پدماوتی موگیر، سنپوموگیر، منجما موگیرسمیت ماہی گیر لیڈر راماموگیر، وٹھل دئیمنے ، درگپا موگیر، منجوناتھ موگیر شریک تھے۔ گرام پنچایت ممبر موہن دیواڑیگا، بھاسکر دئیمنے ، گنپتی نائک، شری دھر موگیر وغیرہ موجود تھے۔

17jan2.jpg


Share: