نئی دہلی 13 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس ا نڈیا) سیلنگ کے معاملے پر تمام تاجر تنظیم حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ایسے میں منگل کو کانگریس صدر نے اس معاملے پر مرکز کی بی جے پی اور دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت پر ملی بھگت کا الزام لگایا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا کہ دہلی میں سیلنگ کے معاملے پر الزام تراشیوں کا ڈرامہ بند کیاجائے ، بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی ملی بھگت اور فرضی جنگ میں تاجروں کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔ دونوں پارٹیوں کو سیاسی روٹی سینکنے کی بجائے اس مسئلے کا جلد سے جلد حل نکالنا چاہئے۔وہیں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے راہل گاندھی کے ٹو ئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ میں اس مسئلے کو مضبوطی سے اٹھائیں۔ سیلنگ روکنے کے لئے بی جے پی پر دباؤ بنائیں۔ عام آدمی پارٹی اس سمت میں اٹھائے گئے ہر طرح کے اقدام کی حمایت کرے گی۔ واضح ہو کہ سیلنگ کی مخالفت میں منگل کو تمام اہم تجارتی تنظیموں نے دہلی بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اگرچہ اس دوران میڈیکل سٹور یا ڈیری جیسی روز مرہ ضرورت کی چیزوں کی دکانیں کھلیں۔ ریٹیل اور ہول سیل مارکیٹس میں اس بند کا خاصا اثر دیکھنے کو ملا۔ اس سے پہلے کجریوال نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہل گاندھی کو خط لکھ کر دکانوں کی سیلنگ کے مسئلے کا حل نکالنے کے لئے ان سے ملاقات کا وقت بھی مانگا تھا۔ سی ایم نے گزشتہ ہفتے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ اگر 31 مارچ تک سیلنگ کی مہم نہیں رکی تو وہ بھوک ہڑتال کریں گے ۔