ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سوشانت سنگھ موت کے گواہوں کو جان کا خطرہ! بھائی نیرج کا ممبئی پولیس پر الزام

سوشانت سنگھ موت کے گواہوں کو جان کا خطرہ! بھائی نیرج کا ممبئی پولیس پر الزام

Tue, 18 Aug 2020 20:30:36    S.O. News Service

ممبئی،18؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے خود کشی معاملہ میں ان کے چچازاد بھائی اور بی جے پی رکن اسمبلی نیرج کمار نے دعوی کیا ہے کہ کیس سے وابستہ گواہوں کو دھمکی دی جا رہی ہے اور ممبئی پولیس انہیں کوئی حفاظت نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے چیزیں سامنے آ رہی ہیں اس سے گواہوں کو جان کا خطرہ ہے۔ انہوں نے گواہان کو حفاظت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حال ہی میں سوشانت سنگھ کی ڈائری کے کچھ صفحات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے، جس کے بعد نیرج نے ممبئی پولیس پر الزامات عائد کیے تھے۔ نیرج نے کہا تھا کہ سوشانت ہمیشہ ڈائری لکھا کرتا تھا لیکن موت کے بعد ممبئی پولیس میرے سامنے پوری ڈائری اٹھا کر لے گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی پولیس نے ڈائری کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی کی ہے۔

نیرج نے مزید کہا کہ ڈائری کے جو حصہ صحیح سلامت ہیں انہیں دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ سوشانت نے اپنے مستقبل کے حوالہ سے پوری پلاننگ کر رکھی تھی اور اسے معلوم تھا کہ آنے والے دنوں میں وہ کیا کرنے والا ہے۔ سوشانت سنگھ کی بہن اور دیگر اہل خانہ کا بھی یہی کہنا ہے کہ جس شخص نے اپنے مستقبل کے منصوبوں کو جس خوبی سے قلم بند کیا ہے وہ خود کشی کیسے کر سکتا ہے؟

ادھر، پیر کے روز نیرج سنگھ ببلو اور ان کی اہلیہ نوتن سنگھ نے پٹنہ میں لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ چراغ پاسوان سے ملاقات کی۔ نوتن سنگھ چراغ پاسوان کی پارٹی سے ایم ایل سی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ملاقات کے دوران بھی سوشانت سنگھ راجپوت کو انصاف دلانے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ 14 جون 2020 کو اداکار سوشانت سنگھ راجپوت اپنے باندرا واقع فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اداکار نے خودکشی کی ہے مگر کنبہ کی طرف سے احتجاج کیے جانے کے بعد معاملہ الجھتا چلا گیا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل کا معاملہ ہے اور اب اسی طرح کے حقائق بھی سامنے آرہے ہیں۔


Share: