لکھنؤ، 23؍نومبر ( آئی این ایس انڈیا ) سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کے بھائی پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے سربراہ شیو پال سنگھ یادو نے اپنی پارٹی کے اکھلیش یادو کی قیادت والی ایس پی میں انضمام کا واضح اشارہ دیا۔ یادو خاندان کے گڑھ سیفئی میں پارٹی کارکنوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی پی ایس پی کو سماج وادی پارٹی میں انضمام کے لیے تیار ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایس پی کے ساتھ اتحاد کے امکان سے انکار نہیں اور ایک ہفتہ کے اندر اپنے لوگوں سے رائے لینے کے بعد اس پر فیصلہ کریں گے۔
تاہم شیو پال یادو نے اکھلیش یادو کے سامنے ایک شرط بھی رکھی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ آنے والے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں اپنے حامیوں کے لیے 100 ٹکٹ چاہتے ہیں۔شیو پال یادو نے کہاکہ ہم نے 2019 میں ہی کہا تھا کہ چلو ہم ہی جھک جائیں گے ، آج اس بات کو دو سال ہو گئے، لیکن کچھ بھی نہیں ہوا۔