ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / سرسی اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے سلور جوبلی جشن کا آغاز: بچہ مزدور ی ،تعلیم کے لئے بڑی سد راہ :ضمیر پاشا

سرسی اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے سلور جوبلی جشن کا آغاز: بچہ مزدور ی ،تعلیم کے لئے بڑی سد راہ :ضمیر پاشا

Fri, 28 Dec 2018 21:47:04    S.O. News Service

سرسی  :28؍ڈسمبر (ایس او نیوز)  اقراء ایجوکیشن سوسائٹی سرسی کے 25برس مکمل ہونے پر 27ڈسمبر بروز جمعرا ت کو منعقد کئے گئے سلور جوبلی فنکشن کا افتتاح  ریاست کرناٹکا کے موظف چیف سکریٹری ضمیر پاشاہ نے  کیا۔

افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے ضمیر پاشاہ نےکہاکہ آج بھی جاری رہنےو الی  بچہ مزدوری ، لازمی تعلیم کے لئے بہت بڑی رکاوٹ ہے، ایسی سماجی برائی کا خاتمہ کرکے معیاری تعلیم کی طرف خاص توجہ دینا حکومت اور عوام کی بڑی ذمہ داری ہے۔ پرائمری اور ہائی اسکول کی تعلیم کے بعد کئی سارے بچے تعلیم کا سلسلہ منقطع کرلیتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم میں مسلمان بہت ہی کم ہیں۔ کچھ مسلم ادارے بھی منضبط طریقے سے نہیں چل رہے ہیں، ان حالات میں اقراء تعلیمی ادارہ مسلمانوں کی تعلیمی صورتحال کو بہتر بنانے میں مصروف رہنا واقعی قابل ستائش ہے۔ مسلمانوں کی سماجی درگت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے طبقے کے بے شمار بچے بچہ مزدوری کا شکار ہورہے ہیں، اس کے روک تھام کے لئے جدوجہد ضروری ہے۔ ہمار ا معاشرہ اس بات کی خاص کر فکر کرے کہ وہ سماج کے ہرفرد کو  معیاری تعلیم مہیا کرے۔ ریاستی حکومت کئی سارے تعلیمی منصوبہ جات جاری کررہی ہے، ان اسکیموں کو معاشرے کی چوطرفہ ترقی کےلئے استعمال کرنے کی صلاح دی۔

امامیہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیرمن میر ممتاز علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بڑے شہروں میں تعلیمی اداروں کو قائم کرنا آسان ہے لیکن دیگر مقامات پر یہ کام جوئے شیر لانے کے برابر ہے۔ انتظامیہ اور والدین کی مسلسل محنت و نگرانی سے یہ کام ممکن ہونے کی بات کہی۔ جلسے میں گزشتہ برس تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےو الے طلبا و طالبات کی تہنیت کی گئی ۔

اقراء ایجوکیشن سوسائٹی سرسی کے صدر عبدالقدوس نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ بھٹکل مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر محمد مزمل قاضیا، جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری ، بیاریس گروپ کے چیرمن محمد بیاری ، گوا کے صنعت کار عبدالکریم شیخ،بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا ، ادارے کے ڈائرکٹر جبار خان ، اسماعیل سید ، ناصرخان وغیرہ موجود تھے۔

ادارے کے سکریٹری عباس تونسے نے استقبال کیاتو لکچرر کرشنا مکری نے رپورٹ کی خواندگی کی۔ پرنسپال تبسم تلولی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔


Share: