ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریویوپٹیشن کا مسودہ تیار، جمعیة علماءہند جلد سپریم کورٹ میں داخل کرے گی نظرثانی کی اپیل

ریویوپٹیشن کا مسودہ تیار، جمعیة علماءہند جلد سپریم کورٹ میں داخل کرے گی نظرثانی کی اپیل

Wed, 27 Nov 2019 19:18:37    S.O. News Service

  نئی دہلی 27 نومبر(ایس او نیوز)  بابری مسجد حق ملکیت مقدمہ میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کا جائزہ لینے والی جمعیة علماءہند کی ورکنگ کمیٹی کی 14نومبر کو تشکیل کردہ پانچ نفری کمیٹی نے وکلاءاور ماہرین قانون سے صلاح و مشورہ کے بعد بابری مسجد حق ملکیت مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف 17نومبرکو ریویو پٹیشن داخل کرنے کا جو فیصلہ کیا تھا اس کا مسودہ تیار ہوگیا ہے اور جلد ہی پیٹیشن سپریم کورٹ میں داخل کیا جائے گا۔ اس بات کی اطلاع جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق  صدرجمعیةعلماءہند مولانا سید ارشدمدنی کی سربراہی میں علماء،وکلاءاور ماہرین قانون پرمشتمل پینل نے ریویو پٹیشن کے تمام ممکنہ پہلووں پر غور کیاتھا اور اس نتیجے پر پہنچا تھا کہ بابری مسجد رام جنم بھومی ملکیت تنازعہ کا فیصلہ مسلمانوں کے خلاف ہے لیکن قانونی طور پر یہ حتمی فیصلہ نہیں ہے اس لئے کہ ابھی نظر ثانی ( ریویو ) کا آپشن موجود ہے جسے استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں کو عدالت سے رجوع ہونا چاہئے؛ کیونکہ ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل فیصلہ میں عدالت نے مسلمانوں کے بیشتر دلائل کو قبول کیا ہے ۔ جہاں قانونی آپشن موجود ہے وہیں شرعاً بھی یہ ضروری ہے کہ آخری دم تک مسجد کی حصولیابی کے لئے  جدوجہد کی جائے ۔

بتایا گیا ہے کہ  جمعیة علماءہندکی جانب سے پیٹیشن  داخل کرنے کا مقصد ملک کی قومی یکجہتی اور امن و امان میں خلل ڈالنا ہرگز نہیں ہے بلکہ قانون میں دی گئی مراعات کا استعمال کرتے ہوئے پانچ رکنی آئینی بینچ کے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست کی جارہی ہے کیونکہ ملک کے کروڑوں انصاف پسندعوام جس میں ہندو مسلم سکھ عیسائی اور ماہرین قانون بھی شامل ہیں اس فیصلہ کو سمجھ سے بالاتر سمجھ رہے ہیں۔
 


Share: