بنگلورو ،28؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کرناٹک میں ریاستی الیکشن حکام نے کرکٹر راہل دراوڈ کو ریاستی اسمبلی انتخابات کا آئکن بنایا ہے۔اس کے ساتھ ہی معذورسرکاری ملازمین کو کچھ پولنگ مراکزمیں پولنگ کارکن بنانے سمیت نئی پہل کی گئی ہیں۔ریاست میں 12مئی کو انتخابات ہونا ہے۔ووٹوں کی گنتی 15 مئی کو ہوگی۔ریاست کے چیف الیکشن افسر سنجیو کمار نے کہاکہ راہل دراوڑ ریاستی اسمبلی انتخابات کے آئکن ہیں۔فلم اور موسیقی ڈائریکٹر یوگراج بھٹ ایک گیت تیار کر رہے ہیں جو 2018 کرناٹک انتخابات کا ترانہ ہوگا اور اسے ایک ہفتے میں ریلیز کیا جائے گا۔کمار نے کہا کہ کچھ ایسے سرکاری ملازمین ہیں جو معذورہیں۔وہ چنندہ ووٹنگ مراکز پر پولنگ کارکن کے طور پر انتخابی عمل میں حصہ لیں گے۔ہم ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکمل طور پر 450 خواتین پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے۔