ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رام لنگاریڈی کے استعفیٰ سے بی بی ایم پی میں کھلبلی پارٹی میں 46سال خدمت انجام دینے والے ریڈی کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا بھروسہ

رام لنگاریڈی کے استعفیٰ سے بی بی ایم پی میں کھلبلی پارٹی میں 46سال خدمت انجام دینے والے ریڈی کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا بھروسہ

Mon, 08 Jul 2019 11:22:57    S.O. News Service

بنگلورو،7؍جولائی(ایس او نیوز) اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر کانگریس پارٹی کے سرحد پارکرنے والے شہر کے قدآور قائد اور سابق وزیررام لنگاریڈی کے اس اقدام نے سیاسی ایوانوں میں ہلچل مچادی ہے۔ رام لنگاریڈی کے اس فیصلہ سے بروہت بنگلور مہانگر پالیکے(بی بی ایم پی)میں کانگریس۔ جے ڈی ایس کے مخلوط انتظامیہ بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ رام لنگاریڈی کے استعفیٰ سے بی بی ایم پی میں کھلبلی مچ گئی اور بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے امکانات یقینی صورتحال میں تبدیل ہورہے ہیں۔ رام لنگاریڈی کا استعفیٰ ابھی قبول نہیں کیاگیاہے۔ وہ عنقریب اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ اگر وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے تو بی بی ایم پی میں بی جے پی کا برسراقتدار آنا یقینی ہے۔ لیکن موجودہ میئر گنگامبیکے کی میعاد کارستمبرکے آخرتک ہے۔ اس لئے میعاد ختم ہونے تک کسی بھی طرح کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ میئر کی میعاد کارختم ہونے کے بعد بی بی ایم پی کی باگ ڈور کس کے ہاتھ جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ ہوگا۔ سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا سے آج تک جو بھی وزرائے اعلیٰ بنے ان کے دور میں بی بی ایم پی کے میئر کے انتخاب میں رام لنگا ریڈی کا فیصلہ ہی قطعی ماناجاتارہاہے۔ ہر میئر کے انتخاب میں رام لنگاریڈی کی رائے ضرور لی گئی ہے۔ گزشتہ میئر کے انتخاب میں کانٹے کی ٹکر تھی، اس کے باوجود گنگا مبیکے کے میئر بنانے میں رام لنگاریڈی نے کامیابی حاصل کی۔ریاستی کابینہ میں شامل نہ کئے جانے اور پارٹی میں سینیارٹی کو نظرانداز کئے جانے سے ناراض رام لنگاریڈی کا استعفیٰ اگر قبول کرلیاگیاتو بی بی ایم پی میں نہایت تیز رفتاری سے غیر متوقع تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں۔ شہر میں 50تا75 بلدیہ کے کانگریس اراکین رام لنگاریڈی کی ہدایت کو نظر انداز نہیں کرسکتے، اس لئے وہ ریڈی کی راہ اختیار کرسکتے ہیں۔ ریڈی اگر بی جے پی کی سمت گئے تو بی بی ایم پی میں ان کے طرفدار ان کی راہ چل پڑیں گے۔ اس سے بی بی ایم پی میں بی جے پی کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ ایک اہم پیش رفت میں کانگریس کے سینئر قائدین ناراض رام لنگاریڈی کو نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ دینے پر غور کررہی ہے۔کہاجارہاہے کہ ریاست میں کانگریس کے انچارج کے سی وینوگوپال نے ایک ملاقات کے دوران رام لنگاریڈی کو نائب وزیراعلیٰ بنائے جانے کا بھروسہ دلایاہے۔ ان کومناتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کے سینئر قائد ہیں۔ پارٹی چھوڑنے کا خیال دل سے نکال دیں۔ آپ کو آپ کی سینیارٹی کی بنیاد پر اعلیٰ مقام دیاجائے گا۔ دریں اثناء رام لنگاریڈی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔ پارٹی سے نہیں، پارٹی میں رونما چند وجوہات سے ناراض ہوکر میں نے استعفیٰ دیاہے۔46سال تک پارٹی میں رہتے ہوئے خدمت انجام دیاہوں۔ موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق میں نے وینوگوپال اور وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کو آگاہ کردیاکہ آئندہ کیا ہوگا،دنوں کے گزرنے کے ساتھ پتہ چل جائے گا۔


Share: