ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجیہ سبھا کا 249 واں سیشن غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی، 104 فیصد ہوا کام کاج

راجیہ سبھا کا 249 واں سیشن غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی، 104 فیصد ہوا کام کاج

Wed, 07 Aug 2019 22:49:21    S.O. News Service

نئی دہلی، 7 اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) راجیہ سبھا کا 20 جون سے شروع ہوا 249 واں سیشن بدھ کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہو گیا اور اس دوران تین طلاق بل اور جموں کشمیر کو دو مرکزکے زیرانتظام ریاستوں میں تقسیم کرنے کی شق سمیت کئی اہم بل کو منظور کیا گیا۔کام کاج کے لحاظ سے یہ سیشن 104 فیصد کامیاب رہا۔سیشن کے دوران کل 35میٹنگیں ہوئیں جو گزشتہ 14 سال میں سب سے زیادہ ہیں۔اس سے پہلے 2005 میں 204 ویں سیشن کے دوران 38 میٹنگوں کا ریکارڈ ہے۔سیشن کے دوران ہنگامے کے سبب اگرچہ 19 گھنٹے 12 منٹ کا نقصان ہوا لیکن ایوان نے مقررہ وقت سے 28 گھنٹے مزید بیٹھ کر کام کاج کیا اور نقصان کی تلافی کی۔ ایوان بالا کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے سے پہلے اپنے خطاب میں چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے اس سیشن میں ہوئے کام کاج کے لحاظ سے اسے انتہائی تعمیری سیشن بتایا۔سترہویں لوک سبھا انتخابات کے بعد راجیہ سبھا کا یہ پہلا سیشن تھا اور اس کاآغاز دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں صدر خطاب کے ساتھ ہوا۔سیشن کے دوران 2019-20 کا عام بجٹ، صدر خطاب پر شکریہ تجویز، تین طلاق سے متعلق بل، آر ٹی آئی قانون میں ترمیم سے متعلق بل، آرٹیکل 370 کی زیادہ تر دفعات کو ختم کرنے سے متعلق قرارداد، جموں کشمیر تنظیم نو بل، موٹر ترمیم بل، نیشنل میڈیکل کمیشن بل، پاکسو ترمیم بل، قومی ڈیزائننگ انسٹی ٹیوٹ ترمیم بل سمیت کل 32 بل منظور کئے گئے۔چیئرمین نائیڈو نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ گزشتہ چندسیشن سے ایوان بالا میں رکاوٹ کی وجہ سے جو تصویر بنی تھی، اسے اس بار ایوان کے تمام طبقات نے مل کر اجتماعی طور پر تبدیل کر دیا۔سیشن کے دوران ایوان میں خصوصی توجہ کی پیشکش، مختصر مدت بحث اور آدھے گھنٹے کی بحث کے ذریعے 38 عوامی اہمیت کے موضوعات پر بحث ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے 2002 میں 197 ویں سیشن میں 35 بل منظور کئے گئے تھے۔گزشتہ 41 برسوں میں یہ سیشن پانچواں سب سے بہترین سیشن رہا۔انہوں نے کہا کہ کام کاج کے لحاظ سے یہ سیشن 104.92 فیصد تعمیری رہا۔یہ 2014 کے بعد گزشتہ پانچ سال میں سب سے بہترین اعداد و شمار ہے۔چیئرمین نے سیشن کے طویل ہونے کو لے کر الگ قسم کی رائے کا اظہار کئے جانے کے بارے میں کہا کہ 1952 میں راجیہ سبھا کی تشکیل ہونے کے بعد سے 2013 تک 27 بار فی سیشن 30 یا اس سے زیادہ میٹنگیں ہوئیں۔ان میں سے نو سیشن میں 35 سے زائد میٹنگیں ہوئیں،1952 کے بعد سے سب سے طویل سیشن 1955 میں ہوا۔ نواں سیشن تھا جس میں 50 میٹنگیں ہوئی ہیں۔موجودہ سیشن کے دوران 151 ستارے سوال پوچھے گئے جو گزشتہ 14 سالوں میں 45 سیشن کے دوران سب سے زیادہ ہیں۔اس سے پہلے 2005 کے 204 ویں سیشن میں 165 سوال پوچھے گئے تھے۔وقفہ صفر کے لحاظ سے بھی یہ سیشن گزشتہ 20 سال کے 63 سیشن میں سب سے بہترین رہا اور اس دوران 326 عوامی اہمیت کے موضوع اٹھائے گئے۔خاص طور سے ذکر کے ذریعے 194 موضوعات اٹھائے گئے جو گزشتہ چار سال کے 12 سیشن میں سب سے زیادہ ہیں۔


Share: