نئی دہلی،یکم فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک میں کورونا کیسز میںایک بار پھر کمی ہورہی ہے ۔ ایسے میں تمام ریاستی حکومتوں نے بند اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ تاہم اس دوران اسکول آنے والے بچوں کووالدین کی تحریری اجازت لینا ہوگی۔ دوسری جانب انتظامیہ نے اسکول میں بھی کورونا کے قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اسکول آنے والے طلباء کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ اس کے علاوہ تمام اساتذہ اور ملازمین کو ماسک لے کر ہی اسکول آنا ہوگا۔ بغیر ماسک پہنے طلباء کو اسکول میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔راجستھان میں کورونا کے کیسز میں کمی آئی ہے، جس کے پیش نظر یکم فروری سے 10ویں سے 12ویں جماعت کے اسکول دوبارہ کھلیںگے۔ طلباء کو اسکول میں داخلے کے لیے والدین سے تحریری اجازت لینا ہوگی۔
مدھیہ پردیش حکومت نے 14 جنوری کو کورونا کیسزمیں اضافے کے پیش نظر 31 جنوری تک کلاس 1 سے 12 کے اسکولوں اور ہاسٹل کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیزصورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے حال ہی میں کہا تھا کہ ریاست میں اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ماہرین سے مشاورت اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔تمل ناڈو میں پہلی سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے یکم فروری سے اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں دوبارہ کھلیں گی۔ جبکہ پلے اسکول، ایل کے جی اور یو کے جی کی کلاسیں بند رہیں گی، ریاستی حکومت نے جمعرات 27 جنوری کو اعلان کیا تھا۔اڈیشہ کے اعلیٰ تعلیم کے محکمے نے طلباء کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک فرضی خط کے بارے میں خبردار کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریاست میں کالج اور یونیورسٹیاں 10 فروری کو دوبارہ کھلیں گی۔
حکومت نے کہا کہ ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔دوسری جانب ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی کے بعد اب ایک بار پھر نئے کیسز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متاثرہ مریضوں کی اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے 2,34,281 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جبکہ 893 متاثرین کووڈ کی وجہ سے اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ملک کی وزارت صحت نے کہا کہ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے اور اب ان کی تعداد کم ہو کر 18,84,937 ہو گئی ہے جو کہ متاثرہ افراد کی کل تعداد کا 4.59 فیصد ہے۔ ملک میں کووڈ سے صحت یاب ہونے کی شرح 93.89 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔