ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دوبارہ شروع ہونی چاہیے ہند پاک امن مذاکرات:محبوبہ حکومت

دوبارہ شروع ہونی چاہیے ہند پاک امن مذاکرات:محبوبہ حکومت

Mon, 05 Feb 2018 20:35:12    S.O. News Service

جموں،05؍ فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پڑوسی ملک پاکستان کی جانب سے بار بار امن معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا مسئلہ ریاست اسمبلی میں اٹھنے پر جموں وکشمیرحکومت نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن اور مفاہمت کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا۔اپوزیشن نیشنل کانفرنس (این)نے دونوں ممالک کے درمیان ہوئے سال2003 کے امن معاہدے کو سختی سے نافذکرنے کا اعلان کرتے ہوئے محبوبہ مفتی حکومت کے رخ کی حمایت کی۔بی جے پی ممبر اسمبلی روندر رائنا نے اس سے پہلے مسلسل پاکستانی گولاباری کی مذمت کرنے کے لئے ایک تجویز لانے پر زور دیا تھا۔ریاست میں بی جے پی کی پی ڈی پی کے ساتھ مشترک حکومت ہے۔مسلسل امن معاہدے کی خلاف ورزی کے مسئلے کو لے کر وقفہ صفر کے دوران اسمبلی 10 منٹ تک ملتوی بھی رہا۔ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر ریاست کے پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے علاقے میں پائیدار امن بحالی کے لئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کی حمایت کی۔ویری نے کہاکہ یہ مسئلہ اس سے پہلے بھی ایوان میں اٹھ چکا ہے۔ہمارا موقف ہے کہ امن اور مفاہمت واحد ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار امن بحالی کی سمت میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی جانب سے شروع کئے گئے مذاکرات کو آگے بڑھانا چاہئے۔اتوار کو رجوری اور پونچھ اضلاع میں کنٹرول لائن کے قریب پاکستانی فائرنگ میں ایک کیپٹن سمیت فوج کے چار جوان شہید ہو گئے تھے اور دو نوجوانوں سمیت چار دیگر زخمی ہو گئے تھے۔حکمران پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی جاوید بیگ نے کہا کہ پاکستان کو اکسانے کے بجائے ایوان کو دونوں ممالک سے اس مسئلے کے حل کے لیے بات چیت شروع کرنے کی اپیل کرنی چاہئے۔ حالانکہ بیگ کے تبصرہ کی بی جے پی ارکان نے مخالفت کی۔این سی پارٹی اراکین کے لیڈر اور سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہاکہ ہم لوگ ویری اور نوجوان بیگ کے بیان کی حمایت کرتے ہیں جن کا نظریہ صحیح ہے۔اپنی طرف سے ہم لوگوں کو ایسا کچھ نہیں کرنا چاہئے جس سے آگے حالات خراب ہو۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ اپنے بیانات سے ماحول خراب کرنے کی رہنماؤں کی عادت بن گئی ہے۔


Share: