چنڈی گڑھ/نئی دہلی،26اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ہریانہ کی جننایک جنتا پارٹی (جے جے پی)کے سربراہ دشینت چوٹالہ کے والد اجے چوٹالہ کو دو ہفتے کے لئے فرلو (جیل سے چھٹی) مل گئی ہے،وہ ابھی دہلی کی تہاڑ جیل میں بندہیں۔دو دن پہلے 24 اکتوبر کو آئے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج میں دشینت چوٹالہ کی پارٹی کے 10 ممبران اسمبلی جیتے ہیں۔اس کے بعد انہوں نے بی جے پی کے ساتھ نئی حکومت بنانے کی ڈیل میں اپنی پارٹی کے لیے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ حاصل کر لیا۔اجے چوٹالہ ہریانہ میں جونیئر بیسک ٹرینڈ (جے بی ٹی) ٹیچر بھرتی گھوٹالہ معاملے میں جیل گئے۔ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ اورانڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے صدر اوم پرکاش چوٹالہ اور ان کے بیٹے اجے چوٹالہ کو سی بی آئی کے اسپیشل کورٹ نے 10-10 سال کی سزا سنائی تھی۔اس گھوٹالے میں کل 55 لوگوں کو کورٹ نے مجرم قرار دیا تھا۔اس سال جون میں تہاڑ جیل میں ہوئی چیکنگ کے دوران اجے چوٹالہ کے پاس سے موبائل فون برآمد ہوا تھا۔خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی کی اور ان کے پاس سے فون برآمد کیا۔اس وقت بھی اس خبر نے خاصی سرخیاں بٹوری تھیں۔ویسے مجرم جو آدھی سے زیادہ جیل کاٹ چکا ہو، اسے سال میں 4 ہفتے کے لئے فرلو دیا جاتا ہے،فرلو مجرم کو سماجی یا خاندانی تعلقات قائم رکھنے کے لئے دیا جاتا ہے۔ان کی عرضی ڈی جی جیل کے پاس بھیجی جاتی ہے اور اسے محکمہ داخلہ کے پاس بھیجا جاتا ہے اور اس پر 12 ہفتے میں فیصلہ ہوتا ہے۔ایک بار میں دو ہفتے کے لئے فرلو دیا جا سکتا ہے اور اس کو دو ہفتے کے لئے ملنے دیا جا سکتا ہے،فرلو مجرم کا حق ہوتا ہے جبکہ پیرول حق کے طور پر نہیں مانگا جا سکتا۔پیرول کے دوران مجرم جتنے دن بھی جیل سے باہر ہوتا ہے، اتنی اضافی سزا اسے کاٹنی ہوتی ہے،فرلو کے دوران ملی رہائی سزا میں ہی شامل ہوتی ہے۔