ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دس ہزار کروڑ روپئے کا بی بی ایم پی بجٹ تیار؟

دس ہزار کروڑ روپئے کا بی بی ایم پی بجٹ تیار؟

Sat, 16 Feb 2019 11:21:23    S.O. News Service

بنگلور۔16؍فروری(ایس او نیوز) بنگلور شہر اور بی بی ایم پی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ امید کی جا رہی ہے کہ اس سال کا بی بی ایم پی بجٹ دس ہزار کروڑ روپئے کی حد کو پار کرنے والا ہے۔بجٹ میں موجود بعض منصوبوں کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا علط نہیں ہوگا کہ شہر کے بلدی ادارہ کا بجٹ آئندہ کچھ ماہ میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کو نظر میں رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق،مجوزہ بجٹ میں بڑے بڑے تعمیراتی کاموں کے بجائے عوامی سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں مختلف فلاحی پروگراموں کو زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔بی بی ایم پی کے افسروں اور محصول و مالیاتی اسٹانڈنگ کمیٹی کی جانب سے حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کئے جانے کے اعلان کے باوجود کہا جا رہا ہے کہ اس سال دس ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کا بجٹ پیش کیا جانے والا ہے۔اسی کے ساتھ بی بی ایم پی کی محصول اور مالیات سے متعلق اسٹانڈنگ کمیٹی عوام کو انفرادی طور پر مفید منصوبوں کا اعلان کرنے کی بھی تیاری میں مصروف ہے۔بی بی ایم پی میں کانگریس، جے ڈی ایس کی مشترکہ انتظامیہ نے خواتین کو قوت و اختیار کی فراہمی کے سلسلہ میں عوامی سطح پر مفید کئی ایک منصوبوں کو زیادہ اہمیت دینے کا فیصلہ بھی کیاہے۔اس کے علاوہ ہر ایک وارڈ میں بائی سائیکل نظام کو تقویت دینے کا بھی منصوبہ بنایا جار ہا ہے،اس کے ذریعہ فضائی آلودگی پر قابو پانا بی بی ایم پی کا مقصد بتایا گیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ بجٹ میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ لاکھ پودوں کے لگائے جانے کا اعلان بھی متوقع ہے۔آمدنی کی بنیاد پر حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کرنے کا اعلان کرنے والی بی بی ایم پی کے ذریعہ پچھلے سال نو ہزار کروڑ روپئے کا بجٹ پیش کیا گیا تھا اور اب بی بی ایم پی کی محصول و مالیاتی اسٹانڈنگ کمیٹی کی جانب سے دس ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کا ریکارڈ داخل کرنے والا بجٹ پیش کیا جاسکتا ہے۔


Share: