ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جے ڈی یو کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ،کے سی تیاگی بی جے پی کے طرزعمل سے ناراض

جے ڈی یو کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ،کے سی تیاگی بی جے پی کے طرزعمل سے ناراض

Sat, 26 Dec 2020 10:57:15    S.O. News Service

پٹنہ،26؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) حکمراں جے ڈی یو کو اروناچل پردیش میں ان کی اہم حلیف بی جے پی نے زبردست جھٹکا دیا ہے۔ ان کے 6ارکان کو اپنی پارٹی بی جے پی میں شامل کرلیا ہے۔ 60رکنی اروناچل اسمبلی میں جے ڈی یو اپوزیشن میں تھا۔2019 میں اروناچل اسمبلی کا انتخاب ہوا تھا جس میں بی جے پی کو 41اور جے ڈی یو کو 7سیٹیں حاصل ہوئی تھیں ، کانگریس کو 4سیٹیں ملی تھیں۔

اروناچل پردیش میں جے ڈی یو اپوزیشن کے رول میں تھا لیکن سیاسی دائو پیچ کے سبب ان کے 6ارکان کو جے ڈی یو سے بی جے پی میں شامل کرلیاگیا ہے۔ جس کے سبب بہار کی سیاست میں زبردست سیاسی ہلچل ہے۔ کل ہی جے ڈی یو کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ ہونی ہے جس میں ملک بھر کے جے ڈی یو کے اہم لیڈران شریک ہوں گے عین وقت پر بی جے پی نے غیر اخلاقی اور غیر دوستانہ رویہ اپنایا ہے۔بہارمیں بی جے پی کے ساتھ مل کر جے ڈی یو کی حکومت چل رہی ہے ، اروناچل میں یہ ایک بڑا ڈھچکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگاکہ کیا اس کا بہار کی سیاست پر بھی کوئی اثر پڑے گا؟

تاہم جب آج اس تازہ ترین واقعہ پر بہارکے وزیراعلیٰ اورجے ڈی یوکے قومی سربراہ نتیش کمار سے اخباری نمائندوں نے رد عمل جاننا چاہا تو انہوں نے کچھ بھی بولنے سے انکار کردیاہے۔ انہوں نے صرف اتناکہاہے کہ کل سے ہماری کانفرنس(قومی ایگزیکٹو میٹنگ)ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ بی جے پی کے ساتھ جے ڈی یو نہ صرف بہار میں بلکہ مرکز کی مودی حکومت میں بھی ہے۔ نتیش کمارکے بیان سے یہ واضح ہے کہ جے ڈی یو قومی ایگزیکٹو اجلاس میں اس مسئلے پر بات کرے گی۔قابل ذکرہے کہ بہارمیں بی جے پی اور جے ڈی یو نے مل کر انتخاب لڑا اور اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دی ، لیکن پہلے کچھ جے ڈی یورہنمائوں نے لوک جن شکتی پارٹی کے طریقہ کار پر بی جے پی کے خلاف ناراضگی محسوس کی ، اب کابینہ میں توسیع کا معاملہ ایک طویل عرصے سے پھنس چکا ہے۔ بہار میں نتیش کمار کی پارٹی اس بار بی جے پی سے پیچھے ہے۔ ایسی صورتحال میں ٹولمول کی طاقت جے ڈی یو سے کم ہوسکتی ہے۔جے ڈی یو کے اروناچل پردیش میں 7 ایم ایل اے تھے۔ 6 ایم ایل اے کی تبدیلی کے سبب پارٹی میں صرف ایک ایم ایل اے رہ گیا ہے۔اس تازہ ترین سیاسی صورتحال پر اپوزیشن آر جے ڈی نے زبرردست طنز کستے ہوئے کہاہے کہ نتیش جی کو بی جے پی نے کرسمس کے موقع پر تحفہ دیا ہے۔

وہیں جے ڈی یو کے قومی ترجمان کے سی تیاگی نے کہاہے کہ اروناچل پردیش کا واقعہ افسوس ناک اور غیر دوستانہ ہے اروناچل پردیش میں جو کچھ ہوا ہے وہ صحیح نہیں ہے۔سیاسی حلقوں میں یہ خبر موضوع بحث ہے بی جے پی نے جے ڈی یو کو میٹنگ سے قبل زبردست جھٹکا دیا ہے در اصل سنیچر اور اتوار کو دو روزہ جے ڈی یو کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ پٹنہ میں ہورہی ہے جس کی تیاریاں بیس دنوں سے چل رہی ہیں عین وقت پرحلیف پارٹی نے جے ڈی یوکے اعتمادکومجروح کیا ہے۔


Share: