ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جے ڈی ایس کے اقتدار میں آنے کے 24گھنٹے کے اندرکسانوں کے قرض معاف کردئے جائیں گے: ایچ ڈی کمار سوامی

جے ڈی ایس کے اقتدار میں آنے کے 24گھنٹے کے اندرکسانوں کے قرض معاف کردئے جائیں گے: ایچ ڈی کمار سوامی

Tue, 01 May 2018 12:48:12    S.O. News Service

بنگلورو30؍اپریل (ایس او نیوز) ریاست میں جے ڈی ایس کے اقتدار میں آتے ہی 24گھنٹے کے اندرریاست کے سبھی کسانوں کے قرض معاف کردیئے جائیں گے۔یہ بات سابق وزیر اعلیٰ و جے ڈی ایس کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہی۔ انہوں نے یہاں ٹاؤن میں منعقدہ جے ڈی ایس کارکنوں کے کنونشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے کسان مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ادرک، کافی اور مرچ سمیت تمام فصلیں تباہ ہوچکی ہیں اور کاشتکار نقصان اٹھارہے ہیں۔ کمار سوامی نے کہا کہ ریاست میں اب تک تقریباً 3810 کسانوں نے خودکشی کرلی ہے۔ کسانوں کے قرض معاف کردینے سے حکومت کا خزانہ خالی ہوجانے کا بیان وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دیا جارہاہے مگر افسوس کہ صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ شعبے سے جڑے سینکڑوں افراد کو ہزاروں کروڑ روپئے قرض دے کر معاف بھی کردیا گیا ہے۔ کمار سوامی نے ریاستی حکومت پر کسان دشمن پالیسی اختیار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی پالیسی سے ہزاروں کسان کنگال ہوچکے ہیں اور کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے 12مئی کو منعقد ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں جے ڈی ایس کو اقتدار میں لاناضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی ترقی اور فلاح وبہبودی کیلئے علاحدہ منصوبے تیار کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ریاست میں موجود استری شکتی سنگھاؤں کا قرض تقریباً 4300 کروڑ روپئے ہے اسے بھی معاف کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ حاملہ خواتین اور مزدوروں کے علاوہ 65سال سے زیادہ عمر والے شہریوں کو ماہانہ 5ہزار روپئے وظیفہ دیئے جانے کے بارے میں بھی غور کیا جارہا ہے۔ کمار سوامی نے مزید بتایا کہ ملناڈ علاقے میں ہاتھیوں کے حملہ میں فصلیں اور جانیں تباہ ہورہی ہیں، اس کے مستقل حل کیلئے آنے کا وی ڈار منصوبے کو روبہ عمل لانے کے بارے میں بھی منصوبہ تیارکیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے آپسی الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی میں وقت ضائع کررہی ہیں۔اس موقع پر رکن اسمبلی ایچ کے کمار سوامی، ضلع پنچایت رکن چنچلا کمار سوامی، عظمیٰ رضوی، سپرادیپ یجمان، سوم شیکھر، منجے گوڈا اور دیگر موجود تھے۔


Share: