بھٹکل 23 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل کے جناب محمد یونس قاضیا اورمرڈیشور کے جناب امین سیف اللہ کینرا مسلم خلیج کونسل کے بالترتیب صدر اور سکریٹری جنرل کے اہم عہدہ پر فائز ہوگئے جس کے لئے دبئی میں اتوار کو سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ کونسل کے لئے نائب صدر اول کے طور پر منکی جماعت دبئی کے سرگرم رکن جناب مختصر ابومحمد کا انتخاب عمل میں آیا جبکہ نائب صدر دوم کے طور پر شراوتی کونسل کے جنرل سکریٹری اور ولکی مسلم جماعت دبئی کے سرگرم رکن ڈاکٹر عبداللہ سُکری کا انتخاب عمل میں آیا۔
کینرا مسلم خلیج کونسل دراصل خلیج میں قائم کینرا حلقہ بالخصوص بھٹکل ، شیرور، بیندور، گنگولی، مرڈیشور، منکی، ولکی اور شراوتی بیلٹ پر مشتمل جملہ گلف کی 25 جماعتوں کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ کونسل کا مقصد ان جماعتوں میں باہمی ربط قائم رکھنا ہے ساتھ ساتھ خدمت خلق کو فروغ دینے سمیت منسلک جماعتوں کے ممبروں میں دینی، تعلیمی ، اقتصادی (معاشی)، سماجی، ثقافتی، فلاحی، طبی نیز اجتماعی مسائل کو حل کرنے میں متعلقہ اداروں کو تعاون فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
دبئی میں اتوار صبح نو بجے بھٹکل مسلم جماعت بحرین کی میزبانی میں کانفرنس کا آغاز ہوا جس میں 18 جماعتوں کے مندوبین شریک ہوئے، کانفرنس رات ساڑھے آٹھ بجے تک چلی ، جس میں کئی ایک علاقوں کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوا اور مسائل کو حل کرنے کے تعلق سے اُمور طئے پائے گئے۔ اس موقع پر قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب کی بے لوث قومی و ملی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز ا گیا ، ولکی میں اسکول تعمیر کرنے پر دمام کے معروف بزنس مین جناب ارشاد صدیقہ کی بھی تہنیت کی گئی، اسی طرح شیرور کے سماجی کارکن، گرین ویلی اسکول کے صدر اور کرناٹک راجیہ اُتسوا ایوارڈ یافتہ جناب محمد میراں منیگار کی بھی خدمات کے اعتراف میں اُن کی بھی تہنیت کی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ گلف کے بعض علاقوں کے ممبران ویز ا نہ ملنے کی بنا پر کانفرنس میں شامل نہیں ہوسکے۔بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے جنرل سکریٹری مولوی شکیب شاہ بندری نے نظامت کی، کونسل کے سابق صدر جناب عبدالقادر باشہ رکن الدین نے صدارت کی، کونسل کے سابق سکریٹری جنرل جناب ابو محمد مختصر ، سابق سکریٹری مولوی ارشاد على افریقہ ندوی عبدالرحمن صدیقی خازن کینرا کونسل ، سمیت بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب مصباح محمدفاروق، سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن مُنیری، محاسب جناب محمد آفاق نائطے، دبئى جماعت کے سرپرست جناب عبدالباری محتشم۔جماعت کے صدر جناب معز معلم، جناب رحمت اللہ راہی، جناب یاسر قاسمجی جناب محمد اشفاق سعدا، جناب محمد یوسف برماور، جناب شہریار خطیب، بھٹکل مسلم جماعت جدہ سے جناب عبیداللہ عسکری، جناب ریحان خلیل کوبٹے، شیرور جماعت دبئی سے جناب منیگار میراں صاحب ، بیندور جماعت سے جناب اشرف ماوڑ، جناب زاہد اکرمی، گنگولی سے حافظ ابراہیم رشادی ،سعود و الطاف خلیفہ، تینگنگنڈی ناخدا کمیونٹی امارات سے جناب صلاح الدین، ابو ارشاد حسن عثمانی، شراوتی کونسل کی پانچ جماعتوں کے نمائندے ۔ بالخصوص ہیرانگڈی دبئی جماعت سے جناب ابکار خواجہ صاحب سابق نائب صدردوم، دمام سے جناب ارشاد صدیقہ، بحرین جماعت کے صدر جناب مصباح الطاف اور جناب اطہر پیر زادے سمیت مختلف جماعتوں سے کافی مندوبین شامل تھے۔
بتاتے چلیں کہ کونسل کے صدر کے طورپر منتخب ہونے والے جناب محمد یونس قاضیا بھٹکل کی ایک اہم شخصیت ہے، موصوف بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر سمیت سکریٹری جنرل رہ کر خدمات انجام دے چکے ہیں، اسی طرح کونسل کے سکریٹری جنرل منتخب ہونے والے جناب امین سیف اللہ صاحب بھی مرڈیشور کی سرگرم شخصیت ہیں ، مرڈیشور میں سماجی و فلاحی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں، مرکزی جماعت المسلمین مرڈیشور کے صدر بھی ہیں اور مرڈیشور جماعت دمام سے تعلق رکھتے ہیں۔