جموں، 24دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست ا علیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے پارٹی کے چیرمین ہرشدیو سنگھ اور صدر بلونت سنگھ منکوٹیا سے سے صلاح و مشورہ کے بعد 25دسمبر 2018 (کرسمس کے دن) کو پارٹی کے ہیڈکوارٹر ، جموں میں و رکنگ کمیٹی کی میٹنگ کا اہتمام کیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔تمام منتخب اور نامزدلوگوں کوخصوصی مدعوئین کے طورپر ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔ میٹنگ 25دسیمبر کو صبح دس بجے شروع ہوگی۔ پنتھرس پارٹی کی کرسمس کے دن ہونے والی اس میٹنگ میں ہنگامی اور ضروری فیصلے کئے جائیں گے جس میں تینوں خطوں لداخ، کشمیر اور جموں کے لوگوں کے لئے سیکولرزم، سماجی انقلاب اور مساوات کے معاملات پر جدوجہد کرے گی۔ پروفیسربھیم سنگھ نے کہا کہ اسمبلی حلقوں کی حد بندی بہت ضروری ہے کیونکہ 1995سے حلقوں کی حد بندی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی میں درج فہرست قبائل (گجرا، بکروال اور گدی) کے لئے سیٹیں ریزرو کی جانی چاہئیں۔ درج فہرستوں کے لئے ریزرو حلقوں کو تبدیل کئے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ الیکشن کمیشن ایکٹ کے مطابق ایک حلقہ دس برس سے زیادہ ریزرو نہیں رکھا جا سکتا ۔ خیال رہے کہ جموں وکشمیر میں درج فہرست ذاتوں کے لئے سیٹیں تقریباََ 25برسوں سے ریزروہیں۔ جموں وکشمیر میں رہنے والوں اور ملک کے باقی حصوں میں رہنے والے لوگوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ عیسی مسیح نے 2000برس قبل دنیا کو قربانی کا پیغام دیا تھا جو تمام نیوکلیائی طاقتوں کے لئے جواب ہے جو طاقت اور دولت سے دنیا کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ کرسمس امن، انسانی محبت ، رواداری اور قربانی کا زندہ پیغام دیتا ہے۔