نئی دہلی 20اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جماعت اسلامی ہند ’’امن وانسانیت ‘‘ کے نام 21؍اگست 2016 ء سے 4؍ستمبر 2016 ء کے دوران ایک ملک گیر مہم کاآغاز کر نے جا رہی ہے۔جماعت اسلامی ہندنے صحافتی برادری سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اخبار کے ذریعہ اس پروگرام کو لوگوں تک پہونچانے میں ان کاتعاون کریں۔اس تنظیم نے اپنی پریس ریلیزمیں کہاہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت والاملک ہندوستان 1.25ارب کی آبادی کے ساتھ ترقی کی طرف گامزن ہے۔یہاں 6000برادریاں،1700زبانوں کا ایک انوٹھا گروہ بستا ہے۔ دنیا میں تمام ہی مذاہب کے لوگ صدیوں سے امن اور محبت کے ساتھ رہتے آئے ہیں، مختلف مذاہب کے باوجود ہمارے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور یہی ہماری پہچان ہے۔ ادھر کچھ برسوں سے فرقہ پرست طاقتیں ہمارے ملک کے سماجی تانے بانے کو خراب کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں، جس سے ملک کے امن وامان میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔ مذہبی مقامات پر حملے ہو رہے ہیں، قانون کو ہاتھ میں لیکر لوگوں کو ننگا گھمانا، پیشاپ پلانااور قتل کرنے جیسے واقعات ہو رہے ہیں۔ دکھ کی بات یہ ہے کہ نفرت کا یہ وائرس ملک کے ہر علاقے میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ ملک کے لئے بہت خطرناک بھی ہے اور ترقی میں رکاوٹ بھی۔ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ اس بڑی سماجی خلیج کو پاٹنے کے لئے مثبت قدم اٹھایا جائے اور آپسی بھائی چارے کاماحول تیار کیا جائے۔ ہمارے سیاسی ونظریاتی جھکاؤ چاہے جدھر بھی ہوں لیکن ہمیں آپس میں مل کر فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے جماعت اسلامی ہند سبھی شہریوں کو ’’امن وانسانیت ‘‘کاپیغام دینے کیلئے ملکی سطح پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ صرف ایک مہم نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد سماج میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ وارڈ، محلہ، قریہ، قصبات اورکالونی کی سطح پر لوگوں سے رابطہ کیا جائے اور انھیں اس مقصد سے واقف کرایا جائے ، آپسی میل جول ہر طبقہ کے لوگوں کے ساتھ مل بیٹھ کر غلط فہمیوں کو دور کرنے اور ایک دوسرے کے بارے میں غلط فہمیوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے۔ ہمار امقصد ملک کے ضمیر کے جگانا ہے ، ہم چاہتے ہیں قانونی اداروں اور بنیادی حقوق کی حفاظت ہو، اسکے لئے ہم سب ملکر مقامی سطح پر کوشش کریں۔ ملک اور سماج میں تبدیلی ضروری ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ سبھی طبقے نفرت کی سیاست کے خلاف متحد ہوں اور ملک کے لئے بڑھتے فرقہ وارانہ ماحول کے تئیں بیدار ہوں۔یہ مہم پورے ملک میں 21؍اگست سے 4؍ستمبر2016تک منائی جا رہی ہے۔اس کے تحت شہروں سے لیکر گاؤں تک مختلف طرح کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ حلقہ یو.پی .مشرق میں بھی عوامی پروگرام ، سمپوزیم، ٹی پارٹیز، کارنر میٹنگ، کالج لکچر، خواتین کے پروگرام، ریلی سے بڑے پیمانے پر عوام تک پہنچا جائے گا۔ اس طرح چھوٹے بڑے کل ملاکر300سے زیادہ پروگرام صرف یو.پی. مشرق میں منعقد کئے جائیں گے۔آج 20؍اگست 2016کو ہی صوبے کے ہر بڑے شہرمثلاًلکھنؤ،گورکھپور،بستی،بنارس، اعظم گڑھ، کانپور، جھانسی میں پریس کوخطاب کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح کل بتاریخ 21؍اگست 2016 ء کو کرشی بھون لکھنؤ میں ایک سمپوزیم بعنوان ’’امن وانسانیت کا پیغام‘‘منعقد ہوگا۔ جس کی صدارت جناب مولانا سید جلال الدین انصر عمری صاحب امیر جماعت اسلامی ہند کریں گے۔