بنگلورو،7/مئی(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا کے حامیوں میں شمار کئے جانے والے چکبالاپور کے رکن اسمبلی ڈاکٹر کے سدھاکر نے کہا ہے کہ ریاست کو اگر ترقی کی جانب آگے بڑھانے کا سلسلہ بحال ہونا ہے تو ایک بار پھر سدرامیا کو وزیراعلیٰ بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ فی الوقت کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت قائم ہے، اور کانگریس اعلیٰ کمان کی منظوری سے کمار سوامی ریاست کے وزیراعلیٰ ہیں۔ بحیثیت کانگریس پارٹی کارکن وہ کانگریس اعلیٰ کمان کے فیصلے کی پابندی کریں گے، لیکن ذاتی طور پر ان کی خواہش ہے کہ کرناٹک کو ترقی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سدرامیا کو وزیراعلیٰ بننا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں اگر حکومت اچھی رہی تو قومی سیاسی منظر نامے میں بھی کرناٹک کا موقف مضبوط ہوگا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مخلوط حکومت میں شامل کانگریس اور جے ڈی ایس اراکین اسمبلی کے درمیان اختلافات پہلے کے مقابل شدید ہوگئے ہیں۔ اس کے باوجود کانگریس اعلیٰ کمان کی ہدایت کے مطابق مخلوط حکومت کو مستحکم کرنے کے لئے کام کیا جائے گا۔