ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تاج الشریعہ کی رحلت:ملت ایک عظیم علمی و مذہبی رہنماسے محروم ہوگئی:مولانااسرارالحق قاسمی

تاج الشریعہ کی رحلت:ملت ایک عظیم علمی و مذہبی رہنماسے محروم ہوگئی:مولانااسرارالحق قاسمی

Tue, 24 Jul 2018 11:44:40    S.O. News Service

کشن گنج24جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے معروف علمی خانوادہ کے چشم و چراغ اور بین الاقوامی شہرت یافتہ عالم دین تاج الشریعہ مفتی اختر رضاخان کی رحلت پرممبرپارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے قلبی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ و متوسلین و متعلقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مولاناقاسمی نے کہاکہ مفتی صاحب کا تعلق ہندوستان کے ایک موقر علمی خانوادہ سے تھا اور وہ مسلمانوں میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے،انہوں نے تاحیات بے شمار علمی و فکری خدمات انجام دیں ،ملک و بیرون ملک کے کئی بڑے علمی اداروں کوان کی سرپرستی حاصل تھی اور ان کے زہد و تقویٰ کا اعتراف کیاجاتاتھا۔انہوں نے کہاکہ مفتی اختر رضاخان نے پوری زندگی اپنے آپ کو دینی علوم کی اشاعت اور معاشرے کی اصلاح میں مصروف رکھا اور وہ حقیقی معنوں میں اعلی حضرت مولانا احمد رضاخان رحمہ اللہ اور اپنے والد مفتی اعظم ہند کے جانشین تھے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ دور قحط الرجال کا دور ہے جس میں اللہ کے نیک بندے اور امت کی فکر کرنے والے خاصانِ خدا کی قلت ہے ایسے میں مفتی اختر رضاخان کی رحلت نے مسلمانوں میں ایک اور خلاپیدا کردیاہے جس کا پرہونا بظاہرمشکل نظر آتاہے۔مولاناقاسمی نے کہاکہ رنج و غم کی اس گھڑی میں ہم مفتی صاحب مرحوم کے اہل خانہ اور دنیابھر میں پائے جانے والے ان کے متوسلین و متعلقین سے تعزیت کااظہار کرتے ہیں اور دعاء گوہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اوران کے تمام حسنات کو قبولیت سے نوازے ۔ واضح رہے کہ تاج الشریعہ مفتی اختر رضاخان کا وصال ۲۰؍جولائی کو بریلی شریف میں ہوااور ۲۲؍جولائی کوان کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے مولانا عسجدرضاخان پڑھائی جس میں ملک و بیرون ملک سے ہزاروں عقیدت مندوں اور متوسلین نے شرکت کی اور ان کی تدفین اعلی حضرت مولانا احمد رضاخان کے مزار سے متصل عمل میں آئی۔


Share: