ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بے ادبی کے واقعات کے لیے حکومتیں بھی کم ذمہ دار نہیں : سی پی ایم

بے ادبی کے واقعات کے لیے حکومتیں بھی کم ذمہ دار نہیں : سی پی ایم

Mon, 20 Dec 2021 11:06:15    S.O. News Service

چندی گڑھ، 20؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی- ایم) کے پنجاب یونٹ کے سکریٹری سکھوندر سنگھ نے لوگوں سے ریاست کے اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بے ادبی کے واقعات کے لئے ریاستی حکومتیں بھی کم ذمہ دار نہیں ہیں ۔

انہوں نے یہاں جاری ایک بیان میں الزام لگایا کہ کچھ سازشی قوتیں ملک اور بالخصوص پنجاب میں ایسی حرکتیں ماحول خراب کرنے کے مقصد سے کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا لیکن ریاستی حکومتیں بھی کم ذمہ دار نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2015 میں بے ادبی کے بعد اس وقت کی بی جے پی - اکالی حکومت نے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ۔ اسی دوران برگاڑی، بیبل کے واقعات بھی ہوئے ۔ کانگریس حکومت بھی ان واقعات کے قصورواروں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے اور لوگوں کو انصاف دلانے میں ناکام رہی۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن امریندر سنگھ کی حکومت نے رنجیت سنگھ کمیشن بنایا اور رپورٹ حاصل کی لیکن ساڑھے چار سال تک قصور واروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ سی پی آئی (ایم) لیڈر نے کہا کہ اگر قصورواروں کو سزا مل گئی ہوتی ، تو ریاست کے لوگوں کے ساتھ انصاف ہوتا اور ایسے واقعات کو روکا جا سکتا تھا۔


Share: