نئی دہلی، 15؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) ان بچوں ،ملازمین اور کھلاڑیوں کے لئے دہلی حکومت نے ایک بڑی راحت کا اعلان کیاہے جن کو بیرون ملک سفر کرناہے۔ کووڈ کے اس دور میں سفر کے لئے ٹیکہ کاری کا سرٹیفیکیٹ سب سےاہم دستاویز بن گیاہے اور اس کی حصولی کےلئے بہت پریشانی کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ دہلی حکومت نے بیرون ملک میں تعلیم حاصل کرنے ، کام کرنے یا بین الاقوامی کھیلوں میں حصہ لینے والوں کے لئے یہاں نویگ اسکول ، مندر مارگ میں ایک خصوصی ویکسینیشن سنٹر شروع کیا ہے۔
دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کل اس خصوصی ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ جو بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے جا رہے ہیں یا وہ بین الاقوامی کھیلوں میں حصہ لینے یا ملازمت حاصل کرنے جارہے ہیں۔ ان کے لئے خصوصی ویکسی نیشن سنٹر شروع کیا گیا ہے تاکہ انہیں ویکسین کا تحفظ مل سکے اور وہ محفوظ طریقے سے سفر کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو کووی شیلڈ ویکسین اس سینٹر میں دی جارہی ہے ، جہاں خصوصی التزام کے تحت مستفدین پہلا ڈوز لگنے کے 28 سے 84 دنوں کے اندر دوسری ڈوز لگواسکتے ہیں۔
اس سنٹر کا آغاز 14 جون سے ہوا ہے۔ یہ سہولت ان لوگوں کو میسر ہوگی جنہیں 31 اگست 2021 ء کے دوران بین الاقوامی سفر کے لئے جانا ہے۔ ویکسینیشن کے لئے انہیں پاسپورٹ کے ساتھ لازمی شناختی کارڈ اور دستاویز لانا ضروری ہے۔