ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی کبھی بھی کسانوں کی ہمدرد نہیں رہی ہے: اکھلیش یادو

بی جے پی کبھی بھی کسانوں کی ہمدرد نہیں رہی ہے: اکھلیش یادو

Sun, 19 Apr 2020 16:45:36    S.O. News Service

لکھنؤ،19؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر کسان مخالف پالیسی سازی کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے سنیچر کو کہا کہ اسی وجہ سے آج کسانوں کو مختلف قسم کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اور کسان خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی کبھی بھی کسانوں کی خیرخواہ نہیں رہی ہے۔ جب سے بی جے پی نے اترپردیش کا اقتدار سنبھالا ہے متعدد کسانوں نے قرض کی وجہ سے خودکشی کی ہیں۔ اور اب لاک ڈاؤن کے درمیان بھی کسانوں کے خودکشی کا سلسلہ نہیں رک رہا ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ کسان گزشتہ دنوں ہوئی بے موسم بارش اور ژالہ باری سے نہیں ابھر پائے تھے کہ اب گزشتہ رات سے پھر خراب موسم نے ان کی کمر توڑ دی ہے، کسانوں کی گیہوں اور آم کی فصلوں کو متعدد اضلاع بشمول مظفر نگر، بھدوہی، سونبھدر، رائے بریلی، بہرائچ، جونپور، وارانسی، ایودھیا، کانپور، بلند شہر، فتح پور، بجنور اور لکھیم پوری کھیری میں کافی نقصان پہنچا ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ آسمانی بجلی کی زد میں آنے واے متعدد کسانوں کی اموات ہوئی ہیں۔ ریاستی حکومت کو ایسے کسانوں کے لواحقین کو فورا 25 لاکھ روپئے کی مالی تعاون دینے کا اعلان کرنا چاہیے۔ ایس پی سربراہ نے دعوی کیا کہ گزشتہ دو مہینے قبل ہوئی بارش اور ژالہ باری سے تباہ ہونے والی فصلوں کا کسانوں کو معاوضہ نہیں دیا گیا اب ریاستی حکومت کو مناسب معاوضہ فراہم کرنا چاہیے۔

سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا کہ کسانوں کی کثیر تعداد مویشی پروری سے وابستہ ہے۔ لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست میں دودھ کی طلب میں 50 فیصدی کمی آئی ہے۔ جس کی وجہ سے دودھ کا کاروبار کرنے والوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جانا چاہیے۔

اکھلیش یادو نے دعوی کیا کہ کسانوں کو فصل بیمہ اور کسان سمان ندھی اور اس جیسی حکومت کی جانب سے کیے گئے دیگر اعلانات کا فائدہ نہیں مل رہا ہے۔ جس سے احساس ہوتا ہے کہ بی جے پی نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کی امید کو چھوڑ دیا ہے۔


Share: