ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی کے ڈاکٹر گھر گھر پہنچ کر کووڈ سروے کریں گے، بنگلورو میں 54ٹیموں کے ساتھ سروے کی شروعات، تمام وارڈوں تک مہم کو وسعت جلد

بی بی ایم پی کے ڈاکٹر گھر گھر پہنچ کر کووڈ سروے کریں گے، بنگلورو میں 54ٹیموں کے ساتھ سروے کی شروعات، تمام وارڈوں تک مہم کو وسعت جلد

Tue, 17 Aug 2021 11:46:27    S.O. News Service

بنگلورو،17؍اگست(ایس او  نیوز)کورونا کے متعلق گھر گھر جاکر معلومات یکجا کرنے کے لئے برہت بنگلورو مہانگر پالیکے کے ڈاکٹرس اب گھر گھر پہنچ کر سروے کریں گے۔ اس کے لئے شہر بھر میں سروے کی مہم کو ریاستی وزیر برائے مالگزاری آر اشوک اور رکن اسمبلی رضوان ارشد نے ہری جھنڈی دکھائی۔ملک میں کورونا متاثرین کی نشاندہی اور کورونا سے محفوظ رہنے کے متعلق رہنمائی کے لئے ڈاکٹروں کو عوام کی دہلیز تک لے جانے کا یہ منفرد پروگرام ہے۔ اس مہم کا افتتاح کرنے کے بعد آر اشوک نے بتایا کہ اس مہم کے تحت بی بی ایم پی کے ڈاکٹروں کی ٹیمیں شہر بنگلورو کے 29لاکھ مکانات تک پہنچ کر لوگوں کو کورورنا سے بچنے کے متعلق رہنمائی کرنے کے ساتھ ساتھ سروے کے ذریعے تفصیلات یکجا کریں گے۔ ہر ٹیم میں ایک بی ڈی ایس یا بی ڈی ایس آیوش زمرے کے ایک میڈیکل آفیسر کو رکھا جائے گا اور ان کے ساتھ نیم طبی عملہ شامل رہے گا۔ وارڈ سطح پر بی بی ایم پی میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس ان ٹیموں کی قیادت کریں گے۔اس ٹیم کی طرف سے کووڈ ٹسٹ کیا جائے گا اوراگر لوگوں میں کووڈ کی علامتیں ہیں تو ان کو احتیاط کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے گی۔ہر ٹیم روزانہ 50گھرو ں کا سروے کرے گی۔ایک وارڈ کے لئے پانچ ڈاکٹروں کی قیادت میں الگ الگ ٹیمیں ترتیب دی گئی ہیں فی الحال اس کے لئے 54کاریں حاصل کی گئی ہیں آنے والے دنوں میں شہر کے سبھی 198وارڈوں میں یہ سہولت مہیا کروائی جائے گی۔ اشوک نے بتایا کہ فی الحال بنگلورو میں کورونا کافی حد تک قابو میں ہے۔ گزشتہ چار پانچ دنوں کے دوران کورونا کیسوں کی تعداد 300 سے400کے آس پاس ہی رہی ہے آنے والے دنوں میں بنگلورو میں اس تعداد کو اور کم کرنے کے لئے قدم اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کیسوں کی تعداد میں اگر اضافہ ہو تا ہے تو بنگلورو میں ویک اینڈ کرفیو نافذ کرنے کے بارے میں سوچا جائے گا۔ اس موقع پر بی بی ایم پی کے اڈمنسٹریٹر راکیش سنگھ، بی بی ایم پی کے چیف کمشنر گورو گپتا، اسپیشل کمشنر رندیپ اور دیگر موجود تھے۔


Share: